ہبلی: کرناٹک میں عیدگاہ گراؤنڈ کا نام چتور کی رانی چنیما کے نام پر رکھا جائے گا۔ اس کے لیے ہبلی دھارواڑ میونسپل کارپوریشن (ایچ ڈی ایم سی) کے میئر ایریش انچاتگیری نے بھی کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں۔ اس حوالے سے فیصلہ گزشتہ ہفتے منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا جس کے بعد میئر نے یہ ہدایات دی ہیں۔ اس سے پہلے بی جے پی کونسلر سنتوش چوان 28 اگست کو نوٹس کے ذریعے یہ مسئلہ ایچ ڈی ایم سی کے نوٹس میں لایے تھے۔
ایچ ڈی ایم سی کے میئر اینچتگیری نے صحافیوں کو بتایا کہ جنرل باڈی میٹنگ میں عیدگاہ کا نام رانی چنیما رکھنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ یہ ایچ ڈی ایم سی کی ملکیت ہے اور بورڈ بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گراؤنڈ کا فی الحال کوئی سرکاری نام نہیں ہے۔
جن ستہ آن لائن کی خبر کے مطابق عیدگاہ کا میدان ماضی میں بھی مختلف مقاصد کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ میدان آزادی سے کئی دہائیوں تک سیاسی ریلیوں اور عیسائی مشنری سوسائٹی باسل مشن کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔ اس وقت مقامی مسلمان عیدگاہ کے میدان میں رمضان اور بقرعید کی نمازیں ادا کرتے ہیں۔