وزیر اعظم کے طور پر اپنے تیسرے دور میں یہ تاثر ٹوٹ گیا ہے کہ نریندر مودی ایک پرعزم لیڈر ہیں اور وہ کوئی بھی فیصلہ واپس نہیں لیتے۔ اس دور میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حکومت جاری رہنے کے دباؤ کی وجہ سے وہ کسی دوسرے لیڈر کی طرح برتاؤ کرتے ہیں۔ اس کی تازہ ترین مثال اعلیٰ بیوروکریسی میں لیٹرل انٹری سے متعلق اشتہار واپس لینے کا معاملہ ہے۔ یہ رجحان پہلے وقف بورڈ بل، کیپٹل گین ٹیکس میں اضافہ اور نام نہاد سیکولر سول قانون لانے کے اپنے ارادے کا اظہار کرنے کے بعد این ڈی اےکوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ بلانے کی جلدی سے ظاہر ہوتا ہے۔ 4 جون کو انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد، بی جے پی قیادت نے تسلسل کا تاثر پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں لگا دیں۔ لیکن صرف ڈھائی مہینوں میں یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ نئے پارلیمانی توازن کے درمیان فیصلوں کو سٹریم رول کرنے کا پرانا طریقہ کارگر نہیں رہا۔ جمہوری نقطہ نظر سے اسے ایک مثبت پیش رفت کہا جائے گا۔ تاہم، یہ لیٹرل انٹری کے معاملے پر حکومت کے لیے سیاسی دھچکا تو ہوسکتا ہے، لیکن اس سے اس پالیسی میں کوئی تبدیلی آنے والی نہیں۔
درحقیقت اپوزیشن جماعتوں نے، جنہوں نے اس کے ذریعے 45 آسامیوں کی بھرتی کے لیے جاری کردہ اشتہار کی مخالفت کی تھی، کو پالیسی کے معاملے کے طور پر بھرتی کے اس طریقہ پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ’’ہنر‘‘ اور ’’ٹیلنٹ‘‘ سے متعلق دلائل پر حکمران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ جبکہ ان دلائل کے ساتھ پالیسی سازی کا سارا عمل کارپوریٹ سیکٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن نے جاری کردہ اشتہار میں ریزرویشن نہ ہونے کا جذباتی مسئلہ اٹھایا۔ پچھلی تین دہائیوں سے، ہندوستان میں تمام سیاسی بحثیں اور تحریکیں ذات پات یا فرقہ وارانہ مسائل پر مرکوز ہیں۔ ان دونوں معاملات پر سیاسی پولرائزیشن کا ہمیشہ امکان رہتا ہے۔ اس کو سمجھتے ہوئے مرکز نے اپنے اقدامات کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ لیٹرل انٹری میں ذات کے ریزرویشن کا انتظام کرتے ہوئے ایک نیا اشتہار جاری کیا جائے گا۔ ظاہر ہے اس وقت اپوزیشن کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔(ہندی سے ترجمہ،اداریہ:نیا انڈیا)