ممبئ (ایجنسی )
این سی پی کے سینیئر لیڈر اور وزیر نواب ملک نے ٹی ایم سی سپریم کی کانگریس مکت بھارت کی مہم کو یہ کہہ کر جھٹکا دے دیا کہ کانگریس کے بغیر اپوزیشن اتحاد کا تصور ممکن نہیں
ملک نے کہا کہ ہر پارٹی کو اپنی بنیاد کو بڑھانے کی کوشش کرنے کا پورا حق ہے، لیکن کانگریس کو باہر رکھ کر بی جے پی کے مخالفین کو متحد کرنا ناممکن ہے۔ ملک نے کہا کہ ٹی ایم سی بنگال سے باہر پھیل رہی ہے اور یہ ہر سیاسی پارٹی کا حق ہے۔ تاہم ہمارا ماننا ہے کہ کانگریس کے بغیر متحدہ اپوزیشن کا محاذ ممکن نہیں ہے۔ پوار صاحب بھی کئی بار اس کی وضاحت کر چکے ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی دو روزہ دورے پر منگل کو ممبئی پہنچ گئیں۔ ممتا بنرجی کے اس دورے کے بعد ایک بار پھر بی جے پی کے خلاف تیسرے محاذ کی بحث تیز ہوگئی ہے۔ ممبئی پہنچی ممتا بنرجی بدھ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کریں گی۔ شرد پوار سے ملاقات کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں ایسی بحث شروع ہو گئی ہے کہ ممتا بنرجی کانگریس سے دوری رکھتے ہوئے علاقائی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر اور این سی پی کے سینئر رہنما نواب ملک نے منگل کو تصدیق کی کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بدھ کی سہ پہر این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کریں گی۔ رپورٹ کے مطابق ملک نے کہا، ‘ممتا دیدی مہاراشٹر کے دورے پر ہیں اور کل سہ پہر 3 بجے پوار سہل سے ملاقات کریں گی۔ ملک نے تاہم ممتا کے دورہ کو خیر سگالی دورہ قرار دیا اور کہا کہ این سی پی سربراہ سے ملاقات کے بعد وہ میڈیا سے بات کریں گی اور ملاقات کی تفصیلات بتائیں گی۔