ابو ظہبی : (ایجنسی)
G-7چوٹی کانفرنس کے بعد منگل کو متحدہ عرب امارات پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی کا یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان نے ابوظہبی میں گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم مودی اور یو اے ای کے صدر نے ابو ظہبی میں ایک میٹنگ بھی کی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ابو ظہبی سے کہا کہ ایک بہت ہی خاص انداز میں شیخ محمد بن زائد اور شاہی کنبہ کے اراکین وزیر اعظم مودی سے ملنے اور بات چیت کرنے کیلئے ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر آئے۔ تاکہ وزیرا عظم کو پورے راستے سے ہوکر شہر نہ جانا پڑے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی خلیجی ملک کے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال کے بعد ذاتی طور پر تعزیت کا اظہار کرنے کیلئے اپنے مختصر دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں ۔ شیخ خلیفہ کا طویل علالت کے بعد 73 سال کی عمر میں 13 مئی کو انتقال ہوگیا تھا ۔
وزیر اعظم مودی نے ان کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم سیاستداں اور دور اندیش لیڈر بتایا تھا، جن کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے ۔ ہندوستان نے شیخ خلیفہ کے انتقال کے بعد ایک دن کے سرکاری سوگ کا بھی اعلان کیا تھا ۔
وزیر اعظم مودی جرمنی میں جی سیون چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کے بعد یہاں پہنچے ۔ وزیر اعظم مودی نے جرمنی میں چوٹی کانفرنس کے دوران کئی عالمی رہنماوں سے ملاقات کی اور عالمی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مقصد سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔