نئی دہلی :
آبادی کنٹرول کو لے کر اترپردیش کی نئی پالیسی کے بحث کے درمیان مرکزی حکومت اس پر قانون لانے کی تیاری میں ہے ۔ قانون بنانے سے پہلے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت اس معاملے پر آہستہ آہستہ ایک ایک قدم آگے بڑھا رہی ہے ۔ ایک طرف بی جے پی حکمراں ریاستوں کو اس پر پالیسیاں پیش کرنے کو کہا گیا ہے جس سے کہ اس مدعے پر ملک بھر میں ایک ماحول بنایا جا سکے۔ اسی سلسلے میں اترپردیش سرکار نے آبادی کنٹرول پالیسی پیش کی ہے ۔آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بھی کہا ہے کہ اس پالیسی پر جلد ہی فیصلہ لیاجائے گا۔ دوسری طرف راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ کے ذریعہ پارلیمنٹ میں پرائیوٹ ممبر بل پیش کرکے ایک ایسا داؤ چل رہی ہے جس سے قانون بنانے کی طرف بڑھا جاسکے۔بتایا جا رہاہے کہ اسی سیشن میں لوک سبھا کے نصف درجن ممبر پارلیمنٹ بھی اسی ایشوز پر پرائیوٹ ممبر بل لاسکتے ہیں۔
بی جے پی ممبرپارلیمنٹ سبرامنیم سوامی ، ہرناتھ سنگھ یادو اور انل اگروال نے راجیہ سبھا میں بل پیش کیا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ جلد ہی شروع ہونے والے مانسون اجلاس میں اس بل پر بحث ہوگی۔ اس کے لیے چھ اگست کا دن طے کیا گیاہے اور اس پر ووٹنگ بھی کروائی جا سکتی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چاہے وزارت قانون یا وزارت داخلہ کوئی بل لا ئے یا پرائیوٹ بل اس میں کوئی فرق نہیں ہے ۔