ممبئی:
بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور تاجر راج کندرا کو ممبئی کرائم برانچ کی پراپرٹی سیل نے فحش فلمیں بنانے اور کچھ ایپ کے ذریعہ انہیں نشر کرنے کے معاملے میں پیر کو گرفتار کیا تھا۔ پورنو گرافی معاملے میں گرفتار راج کندرا کو عدالت نے 23 جولائی تک پولیس ریمانڈ پر بھیجا ہے۔
پیر کی شب گرفتاری کے بعد آج راج کندرا کو اس معاملے میں عدالت کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔ پراپرٹی سیل نے عدالت کو بتایا کہ راج کندرا اس پورے گورکھ دھندے سے پیسے کما رہے تھے۔
عدالت میں پراپرٹی سیل نے راج کندرا کے خلاف ثبوت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ویان نام کی کمپنی میں پراپرٹی سیل کو کافی فارن کرنسی ملے ہیں۔ راج کندرا کا فون سیز کیا گیا ہے اور اس کی جانچ کی ضرورت ہے۔ اسی بنیاد پر پولیس نے عدالت سے راج کندرا کی ریمانڈ طلب کی اور عدالت نے 23 جولائی تک راج کندرا کو ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔