نئی دہلی :
سینئر کانگریسی لیڈر سلمان خورشید نے کہا ہے کہ یہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا واڈرا گاندھی پر منحصر ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات میں خود کو ووٹروں کے سامنے کس طور پر پیش کرتی ہیں ، لیکن زور دے کر یہ کہا وہ عظیم چہرہ ہیں اور کیپٹن ہیں جو ریاست میں پارٹی کی قیادت کررہی ہیں ۔سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس بی جے پی کے سامنے اہم چیلنج پیش کرے گی اور پرینکا گاندھی اس بات کو لے کر پرعزم ہیں کہ پارٹی پوری طاقت سے الیکشن لڑے گی ۔
پی ٹی آئی کو دیئے انٹرویو میں سلمان خورشید نے کہاکہ کانگریس اتحاد کے لیے انتظار نہیں کرتی رہے گی ، بلکہ جو کچھ بھی اس کے پاس ہے اس کے ساتھ لڑنے کو پرعزم ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پرینکا گاندھی وزیراعلیٰ عہدے کے لیے سب سے صحیح دعویدار ہوں گی؟ خورشید نے کہاکہ ’ میں تب تک اس کا جواب نہیں دے سکتا ہوں جب تک وہ خود ہمیں کوئی اشارہ نہیں دیتی ہیں ، لیکن وہ بہترین ہے، بڑی دعویدار ہوں گی۔
ریاست میں مینی فیسٹو کمیٹی کے سربراہ سلمان خورشید نے کہا کہ آپ کوصرف اتنا کرناہے کہ اپنے سامنے یوگی (یوپی کے وزیراعلیٰ) اور پرینکا گاندھی کی تصویر رکھ دیجئے ۔ آ پ کو کچھ اور سوال پوچھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ خورشید نے کہاکہ وہ خود کو یوپی کے ووٹرس کے سامنے کیسے پیش کرتی ہیں، یہ ان کا فیصلہ ہوگا۔ انہوںنے مزید کہاکہ مجھے امید ہے کہ وہ کوئی فیصلہ کریں گی اور ہمیں بتائیں گی ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ کیپٹن ہیں اور ہماری قیادت کررہی ہیں ۔