منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے ان کی حلف برداری اور منصب سنبھالنے کی تقریبات کا سرکاری شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ تقریبات 20 جنوری سے دارالحکومت واشنگٹن میں تین روز تک جاری رہیں گی۔ ان سرگرمیوں میں روایتی فوجی پریڈ اور مشہور خاتون گلوکارہ کا نغمہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ "کینڈل لائٹ” میں صدر اور خاتون اول کے ہمراہ خصوصی عشائیے کے لیے ٹکٹ کی قیمت دس لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔
امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حلف برداری کی تقریب میں دعاؤں اور تقاریر بھی شامل ہوں گی جن کا اہتمام امام، پادری اور حاخام کریں گے۔ امریکی میڈیا ویب سائٹس کے مطابق مشی گن ریاست کے شہر Dearborn میں واقع "کربلا مرکز برائے اسلامی تعلیمات” کے ڈائریکٹر شیعہ امام ہشام الحسینی حلف برداری کی تقریب میں خطاب کریں گے۔ اگرچہ الحسینی عراقی امریکی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہیں تاہم ناقدین نے ان کے سابقہ بیانات کو اسرائیل معاند اور شدت پسندی پر مبنی قرار دیا تھا۔