ممبئی :عام انتخابات 2024 میں راہل گاندھی کو وزیر اعظم کا امیدوار بنانے کی بحث کے درمیان شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راوت نے بھی راہل گاندھی کی امیدواری کی حمایت کی ہے۔ راوت نے پارٹی کے ترجمان سامنا میں اپنے ہفتہ وار کالم روک ٹوک میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور بھارت جوڑو یاترا کی تعریف کی ہے۔
2022 کے سیاسی واقعات پر نظر ڈالتے ہوئے سنجے راوت نے لکھا ہے کہ ملک اور مہاراشٹر نے مرکزی حکومت کا صرف دھوکہ ہی دیکھا ہے۔ لیکن اس کے درمیان راہل گاندھی نے سچائی اور حوصلے کا سفر شروع کیا۔ یاترا نئی دہلی پہنچ چکی ہے اور یاترا کو روکنے کے لیے کئی سازشیں رچی جا رہی ہیں۔
سنجے راوت نے کہا، دہلی کی اس سخت سردی میں راہل گاندھی نے صرف ٹی شرٹ پہنی ہوئی ہے اور ان کی ٹی شرٹ پر بار بار سوالوں کا جواب دل کو چھونے والا تھا۔ سوالوں کے جواب میں راہل نے کہا تھا کہ یہ سوال غریب اور مزدور طبقے سے کبھی نہیں پوچھا جاتا۔ راہول کا جواب آپ کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ راوت نے کہا2022 میں راہل گاندھی کا ایک نیا اوتار دیکھا گیا۔ اگر یہ سلسلہ 2023 میں بھی جاری رہا تو 2024 میں سیاسی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔