نئی دہلی :
ٹوکیو اولمپکس میں کامیابی کا جھنڈا بلند کرنے والے نیرج چوپڑا نے پورے ملک کو خوش کر دیا ہے۔ انہیں کامیابی ملی ہے لیکن اس کا جشن پورا ملک ، تمام حکومتیں مان رہی ہیں۔ انہیں صرف مبارکباد کے پیغام نہیں دئے جارہے ہیں ،بلکہ بڑےبڑے انعام بھی ملتے دکھ رہے ہیں ۔ جیولین میں گولڈمیڈل ملتے ہی ان پر پیسوں کی بارش ہو گئی ہے ۔
اس پیسوں کی بارش کاسلسلہ ہریانہ کےوزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے شروع کیا۔ نیرج کی جیت کے بعد انہوں نے اعلان کردیا کہ اس اسٹار کھلاڑی کو ریاست سرکار طرف سے 6 کروڑ روپے ملیں گے ۔ وہیں کلاس -1کی نوکری بھی دی جائے گی۔
کیپٹن امریندردیں گے 2 کروڑ
اس کے بعد پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے بھی نیرج کی جیت کا بہترین طریقے سے جشن منایا۔ انہوں نے 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نیرج کا پنجاب سے گہرا تعلق ہے ، ایسے میں ان کا گولڈ جیتنا تمام پنجابیوں کے لیے فخر کی بات ہے ۔
منی پور حکومت بھی دے گی ایک کروڑ
منی پور حکومت نے بھی نیرج چوپڑا کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ منی پور کی کابینہ میٹنگ میں نیرج چوپڑا کو ایک کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چنئی سپر کنگز نے بھی اعلان کیا
سی ایم امریندر کے بعد آئی پی ایل کی ٹیم چنئی سپر کنگز نے بھی نیرج چوپڑا کو ایک کروڑ دینے کا اعلان کیا۔ ان کی جانب سے پریس نوٹ میں کہا گیا کہ بطور ہندوستانی ہم سب کو نیرج پر فخر ہے۔ سی ایس کے اب ایک 8758 نمبر کی اسپیشل جرسی بھی بنائے گی اور ہماری طرف سے نیرج کو ایک کروڑ روپے دئے جائیں گے ۔
بی سی سی آئی ایک کروڑ روپے دے گا
بعد میں بی سی سی آئی نے ٹوکیو اولمپکس کے تمام کھلاڑیوں کو اعزاز دینے کا اعلان کیا۔ ایک طرف نیرج کو ایک کروڑ دینے کی بات کہی گئی تو وہیں چنو ، رویدھیا کو50 لاکھ دینے کااعلان ہوا۔ سندھو اور بجرنگ پونیا کو بھی 25 لاکھ روپے دینے کااعلان ہوا۔ ان تمام کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے فائنل میں بلایا گیا ہے ۔
انڈیگودے گی فری ٹکٹ
ویسے نیرج چوپڑا کو پیسوں کے علاوہ انڈیگو نے بھی خاص تحفہ دیا ہے ۔ کمپنی کی طرف سے پورے ایک سال کے لیے فری ٹکٹ کااعلان کردیا گیا ہے ۔ ان کے لئے یہ اسپیشل اسکیم آٹھ اگست سے اگلے سال 7 اگست تک جاری رہنے والی ہے ۔ ابھی تک نیرج کے لیے کل 9 کروڑ روپے کاانعام کااعلان کیا جاچکاہے جو آنے والے دنوں میں اور بھی بڑھ سکتا ہے ۔
نیرج چوپڑا کو آنند مہندرا دے گا XUV700
ٹوکیو اولمپکس میں نیرج چوپڑا کے طلائی تمغہ جیتنے کے بعد انعامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران مہندرا گروپ کے چیئرمین آنند مہندرا نے نیرج کو مہندرا XUV700 تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
بائے جوج دے گی دو کروڑ
ایڈ ٹیک کمپنی بائے جوج نے بھارت کے اسٹار جیولین تھرو نیرج چوپڑا کو 2 کروڑ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ اسٹارٹ اپ نے ٹوکیو میں تمغے جیتنے والے دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔
نیرج نے ملکا سنگھ کو میڈل وقف کیا
ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے والے نیرج چوپڑا نے اپنا میڈل آنجہانی ایتھلیٹ ملکا سنگھ کو وقف کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے معلوم تھا کہ آج میں اپنا بیسٹ دوں گا،لیکن گولڈ میڈل کے بارےمیںنہیں سوچا تھا، گولڈ میڈل جیتنے کے بعدنیرج چوپڑا کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے لے کر وزیر اعظم نریندر مودی تک نے مبارکباد دی۔ اس کے علاوہ پی ایم مودی نے نیرج سے فون پر بات بھی کی اور ان کی محنت کی تعریف کی ۔ وہیں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے ہریانوی انداز میں نیرج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہریانہ کے چھرے نے ٹوکیو میں لٹھ گاڑ دیا۔ کانگریس ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی ،پرینکا گاندھی ،یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی لیڈروں نے بھی نیرج کو مبارک باد دی۔