راجستھان کے دوسہ میں ایک 25 سالہ دلت طالب علم پر ہولی تقریبات کے دوران رنگ لگانے سے انکار پر حملہ کر کے گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔
25 سالہ طالب علم ہنس راج مینا کا وحشیانہ قتل، جو رلواس گاؤں میں ایک پبلک لائبریری میں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر رہا تھا، مبینہ طور پر تین بھائیوں اشوک، ببلو اور کالورام نے کیا تھا۔ لائبریری کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، جیسے ہی ہنس راج نے رنگوں میں رنگنے سے انکار کیا، تینوں نے اسے لات ماری، بیلٹ سے مارا، اور بالآخر ان میں سے ایک نے اسے گلا دبا کر قتل کردیا۔
انگریزی نیوز پورٹل مکتوب نے یہ خبر دیتے ہویے آگے بتایا کہ قتل کے بعد، کنبہ کے افراد اور گاؤں والوں نے ہنسراج کی لاش کے ساتھ احتجاج کیا، اس علاقے میں قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا جو جمعرات کی صبح 1 بجے تک جاری رہا۔انہوں نے 50 لاکھ روپے معاوضہ، خاندان کے لیے سرکاری نوکری اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ لالسوٹ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) دنیش اگروال نے کہا کہ ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کی گئی ہے اور وہ فی الحال مفرور ہیں، جب کہ ان کی گرفتاری کے لیے چھ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے،انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مناسب کارروائی کی جائے گی۔