بھوپال : (ایجنسی)
ایک مہنت، جس نے خود کو شری رام جنم بھومی کے سابق ممبر اور سابق ایم پی رام ولاس ویدانتی مہاراج کے ناتے کے طور پر تشہیر کیا، کو بدھ کی شام مدھیہ پردیش پولیس نے ایک نابالغ کے ساتھ عصمت دری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے ریوا کے سرکٹ ہاؤس (گورنمنٹ راج نواس) میں عصمت دری کی اس واردات کو انجام دیا۔ سرکٹ ہاؤس کا کمرہ ایک ہسٹری شیٹر بدمعاش کے نام پر بک کیا گیا تھا جو حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا۔
عصمت دری کا واقعہ 28 مارچ کو پیش آیا۔ مہنت سیتارام داس عرف سمرتھ ترپاٹھی ریوا کے انتہائی پوش علاقے میں واقع راج نواس (سرکٹ ہاؤس) کی انیکسی عمارت کے کمرہ نمبر 4 میں مقیم تھے۔ انیکسی کا روم ہسٹری شیٹر بدمعاش ونود پانڈے کے نام پر بک تھا ۔
پولیس شکایت کے مطابق ونود پانڈے سیتارام داس کا پرانا جاننے والا ہے۔ ونود ایک 16 سالہ لڑکی کو ’بگڑے کام بنادینے ‘کا جھانسہ دے کر بابا کی ’ ‘شرن‘ میں لایا تھا۔ ونود کے ساتھ دو دیگر ساتھی بھی تھے ۔
الزام ہے کہ سرکٹ ہاؤس کے کمرے میں شراب کی پارٹی چل رہی تھی۔ مہنت اور ونود نے لڑکی کو شراب پلانے کی کوشش بھی کی۔ اس نے احتجاج کیا۔ ونود اور دو دیگر ساتھی کمرے سے نکل گئے۔ کمرہ باہر سے بند تھا۔ تینوں کے جانے کے بعد مہنت سیتارام داس نے نابالغ کی عصمت دری کی۔
اس کے بعد مہنت نے اپنے چیلوں سے کہا کہ وہ لڑکی کو گھر چھوڑ دیں۔ ہسٹری شیٹر ونود نے اسے دھمکی دی کہ وہ کسی کو کچھ نہ بتائے۔سرکٹ ہاؤس کے باہر نابالغ کو کچھ جاننے والے مل گئے۔ انہوں نے اسے ملزمان سے چھڑایا۔ اس کے بعد وہ ستنا چلی گئی۔ 29 مارچ کی شام باپ کے ساتھ ریوا کے سول تھانہ پہنچ کر کیس درج کرایا۔
خبروں میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ریوا میں ایک مال کا افتتاح ہونے والا ہے۔ افتتاح کے موقع پرایک سے10 اپریل تک ہنومان کتھا اور اشتوترا شٹ رودرابھیشیک منعقد ہونے والے ہیں۔ کتھا شری رام جنم بھومی نیاس کے سابق ممبر اور سابق ایم پی رام ولاس ویدانتی کرنے والے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ سیتارام داس کتھا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ہی ریوا آئے تھے۔ ملزم نے واقعہ کو انجام دینے سے پہلے ریوا میں عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کی۔ کتھا کے دعوت نامے بھی تقسیم کیے گئے۔
یہ واقعہ سامنے آتے ہی کہرام مچ گیا۔ سیتارام داس سے وابستہ بااثر لوگ بھی ششدر رہ گئے۔ دوسری طرف سیتارام داس فرار ہو گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ونود کا تعلق سیتارام داس سے کافی عرصے سے ہے۔ سیتارام داس کی شہرت ہے۔ وہ ریاست کے کئی بڑے لیڈروں اور افسران سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔ ان کے ساتھ سیتارام کی تصاویر ہیں۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ ونود بابا کے مبینہ اثر و رسوخ اور جان پہچان کی آڑ میں اپنا ’گیم‘ کھیلتا تھا۔ سرکٹ ہاؤس کی بکنگ بھی زیر تفتیش ہے۔ ایسے اشارے ملے ہیں کہ تحقیقات کے بعد کمرہ بک کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔