بھوپال:(ایجنسی)
ایک مہنت، جس نے خود کو شری رام جنم بھومی کے سابق ممبر اور سابق ایم پی رام ولاس ویدانتی مہاراج کے طور پر تشہیر کیا، کو بدھ کی شام مدھیہ پردیش پولیس نے ایک نابالغ کے ساتھ عصمت دری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔ اتر پردیش کے بعد اب مدھیہ پردیش میں بھی مجرموں کے خلاف بلڈوزر کا استعمال ہو رہا ہے۔ اجتماعی عصمت دری کی گھناؤنی حرکت سے ناراض وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے حکم پر حرکت میں آنے والی انتظامیہ نے سیتارام کے گاؤں گڑوا میں واقع عمارت کو بلڈوزر سے مسمار کر دیا۔
’آج تک‘ نیوز پورٹل پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق مدھیہ پردیش میں ریوا کے راج نواس میں نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے اہم ملزم مہنت سیتارام کا سارا گھمنڈ اس وقت نکل گیا جب پولیس نے اس بااثر مہنت کو گرفتار کیا گیا اور اس کے آبائی گھر کو بلڈوزر سے تباہ کر دیا۔ یہی نہیں پولیس نے سول لائن تھانے سے ضلع عدالت تک اس کا جلوس بھی نکالا۔
خیال رہے کہ 28 مارچ کو راج نواس میں نابالغ کی عصمت دری کرنے کے بعد مہنت بھاگ کر اسی بلڈنگ میں چھپ گیا اور صبح سنگرولی فرار ہو گیا۔ 30 مارچ کو پولیس نے مہنت کو بس اسٹینڈ بیڈھن سے گرفتار کر لیا۔ 31 تاریخ کو سیتارام کا ضلع اسپتال میں میڈیکل کرایا گیا اور اسے جیل بھیجنے سے پہلے سول لائن پولیس اسے عدالت میں پیش کرنے لے گئی۔
پولیس کی گاڑی خراب تھی اس لیے سیتارام کو تھانے سے عدالت تک پیدل لے جایا گیا۔ مہنت سیتارام تپتی دھوپ میں چل رہا تھا۔ چہرے پر ماسک تھا لیکن پاؤں میں نہ جوتے تھے نہ چپل۔ ہسٹری شیٹر ونود پانڈے بھی کلیدی ملزم سیتارام کے ساتھ تھا۔
ملزم کے عدالت پہنچنے کے بعد وہاں موجود وکلا نے مردہ باد کے نعرے لگائے اور اسے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ مہنت کو پولس حراست میں دیکھنے کے لیے عدالت میں کافی بھیڑ تھی اور لوگ اسے گندی گالیاں دے رہے تھے۔ پولیس کو وکلا کو سمجھانے میں کافی مشقت کرنا پڑی۔ پولیس نے کلیدی ملزم کے کالے کرتوتوں کو بے نقاب کرنے کے لئے 2 روزہ عدالتی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔
عدالت سے تھانے لے جاتے وقت مہنت کو لوگوں کے غصہ سے بچانے کے لئے اس کو سر پر ہیلمٹ پہنایا گیا تھا۔ پولیس مہنت سے سختی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے، اس کے علاوہ مختلف لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ نیز، اس کے کالے کرتوتوں کی فہرست کھولنے کے لیے سائبر سیل کی مدد لی جا رہی ہے۔ اجتماعی عصمت دری کا دوسرا ملزم ونود پانڈے ایک پرانا ہسٹری شیٹر ہے اور اس پر مختلف تھانوں میں 35 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
غوطلب ہے کہ راج نواس کمرہ نمبر 4 ونود پانڈے کے نام پر الاٹ کیا گیا تھا اور وہ ہی نابالغ کو مہنت کے پاس لے گیا اور اغوا کی کوشش کی۔ راج نواس میں نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملہ میں 4 لوگوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ 2 کی تلاش جاری ہے۔