دیوبند:
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں جاری ’’آسان ومسنون نکاح‘‘ مہم کے تحت اترپردیش میں ہوئے510؍سے زائد پروگراموں کے اختتام کے موقع پر ہائی وے پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں آج ایک اصلاح معاشرہ کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس کی صدارت ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی رکن اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش نے کی، کانفرنس کاآغاز قاری محمد ثاقب معروفی استاد مدرسہ کنز العلوم گنگوہ کی تلاوت سے ہوا، جبکہ نعت پاک دارالعلوم زکریا کے کارکن قاضی طارق نے پیش کی۔خطبہ استقبالیہ مولانا قاری رحیم الدین قاسمی نے پیش کیا اور مہمانوں کا شکریہ ادا۔اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مولانا مفتی احسان قاسمی نے کہا کہ آسان ومسنون نکاح شریعت کا حکم اور وقت کا تقاضہ ہے ملک بھر میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اس مہم نے عوام وخواص کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے ۔ کانفرنس کی سرپرست معروف اصلاحی بزرگ ماسٹرسید انظر حسین میاں رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند نے کہا کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ اپنی تاسیس سے آج تک تحفظ ملت کا فریضہ انجام دیا ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔پروگرام کے کنوینرمولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے آسان ومسنون نکاح مہم کے تحت اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کی جانب سے پوری ریاست میں منعقد کئے گئے پروگراموں کی کارگزاری پیش کی ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی شریف خان قاسمی مہتمم دارالعلوم زکریا دیوبند نے کہا کہ آج کی اس کانفرنس سے ہم لوگ یہ طے کرکے اٹھیں کہ مسجدوں میں نکاح کو فروغ دیں گے۔کانفرنس میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء کا خصوصی پیغام مفتی شاہنواز خان قاسمی نے پڑھ کر سنایا۔ اس دوران بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمد ولی رحمانی کی حیات وخدمات پر بھی مقررین نے روشنی ڈالی اور مرحوم کے لیے ایصال ثواب ودعاء کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں بطور مہمان شریک مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ناظم جامعہ رحمت گگھرولی،مفتی عطاء الرحمن قاسمی نانکوی، مولانا مسرور قاسمی ،ڈاکٹر ایس اے عزیز،ایڈووکیٹ نسیم انصاری،محمد منیب ایس آئی او سہارنپور،سید حارث، سلیم قریشی، مولانا اسلم کاظمی الحسینی،وغیرہ نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرانقدر تجاویز پیش کئے۔