ماسکو:(ایجنسی)
روس نے فن لینڈ کے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں شمولیت کے معاملے پر فن لینڈ سمیت امریکہ اور برطانیہ کو سپر سانک میزائل سے نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دے ڈالی اور کہا کہ سلامتی کو خطرہ ہوا تو جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرسکتے ہیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی دفاعی کمیٹی کے نائب چیئرمین الیکسی زووراولیوف کا کہنا ہے کہ فن لینڈ کو نیٹو میں شمولیت کے لیے امریکا اور برطانیہ نے اُکسایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فن لینڈ کو 10 سیکنڈز میں Satan-2 میزائل سے نشانہ بناسکتے ہیں۔
روسی دفاعی کمیٹی کے نائب چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکہ نے روس کو دھمکی دی تو یہی روسی میزائل امریکا کے لیے ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ روسی سلامتی کے در پے ہوا تو امریکا سے جوہری راکھ نکلے گی۔
الیکسی زووراولیوف نے برطانیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ سیٹن ٹو 200 سیکنڈز میں برطانیہ پہنچ سکتا ہے۔
ادھر روس نے فن لینڈ کے لیے بجلی کی فراہمی معطل کردی ہے۔ روسی انرجی فرم نے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب سپلائی منقطع ہونے کی دھمکی دی تھی۔