نئی دہلی :
ٹھونکو تالی تکیہ کلام سے معروف کانگریس کے سینئر لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کا دل لگتا ہے کانگریس سے بھر گیا ہے۔ ان دنوں عام آدمی پارٹی کے ساتھ پینگیں بڑھ رہی ہیں۔ سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائی ہے کہ وہ پنجاب میں 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ’آپ‘ کادامن تھام لیں گے۔ کہا جارہا ہے کہ وہ کیپٹن امریندر سنگھ کے ساتھ خود کو ایڈجسٹ نہیں کرپارہے ہیں، حالانکہ کانگریس میں پنجاب کے انچارج ہریش سنگھ راوت نے ان کو منا لیا تھا اور امریندر سنگھ نے بھی سدھو کی تعریف کی تھی لیکن نگرنگم کے انتخابات میں پارٹی کی بمپر کامیابی نے کیپٹن صاحب کے پاؤں مضبوط کردئے اور ہائی کمان میں ان کی پوچھ بڑھ گئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب عام آدمی پارٹی کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ بھگونت سنگھ مان ان کے راستہ کا روڑا بن سکتے ہیں۔ لیکن سدھو کے کیجریوال سے راست معاملات ہیں۔ وہ پہلے بھی عام آدمی پارٹی میں جارہے تھے لیکن وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بات نہیں بنی تو بی جے پی سے کانگریس میں جانے کیلئے پرینکا کاسہارا لیا۔ اب یہ دباؤ کی سیاست بھی ہوسکتی ہے یا بہتر وزارت پانے کی کہنا مشکل ہے۔ لیکن کل وہ عام آدمی پارٹی میں نظر آئے تو کسی کو تعجب نہیں ہوگا۔