بھوپال :
بھوپال سے رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نےسابق اینٹی ٹرسٹ اسکواڈ( انسداد دہشت گردی اسکواڈ) چیف ہیمنت کرکرے کو لے کر کہا کہ جو دیش بھکت ہیں وہ انہیں دیش بھکت نہیں مانتے۔ پرگیہ ٹھاکر ایمرجنسی کی برسی پر خواجہ سرائے کے ایک پروگرام کو خطاب کرنے سیہور پہنچی تھی۔
اس دوران انہوں نے کہاکہ ایک ایمرجنسی 1975 میں لگی تھی اور ایک ایمرجنسی جیسی صورت حال بنی 2008 میں جب مالیگاؤں بلاسٹ میں سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو جیل میں بند کیا گیا تھا۔ ہیمنت کرکرے کو لوگ دیش بھکت کہتے ہیں ، لیکن جو حقیقت میں دیش بھکت ہیں وہ انہیں دیش بھکت نہیں کہتے ہیں۔ انہو ں نے میرے آچاریہ ،جنہوں نے مجھے کلاس آٹھویں میں پڑھایا ، ان کی انگلیاں توڑ دی تھی۔
رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ایک بار پھر ایک نئے تنازع کو جنم دیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ، لوک سبھا انتخابات 2019 کے دوران سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کرکرے کے بارے میں بیانات دیئے تھے ، جس پر انھیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔