نئی دہلی(پریس ریلیز)
ساہتیہ اکادمی کے صدر ڈاکٹر چندرشیکھر کمبار کی صدارت میں آج ساہتیہ اکادمی کی مجلس انتظامیہ کی میٹنگ ہوئی جس میں 24 ہندوستانی زبانوں کے ساہتیہ اکادمی ترجمہ ایوارڈ 2020 کے لیے کتابوں کے انتخاب کو منظوری دی گئی۔ اردو میں ترجمہ کے لیے ممتاز مترجمہ صبیحہ انور کو ان کے بہترین ترجمہ ’فدائے لکھنؤ‘ کے لیے منتخب کیا گیا جو پروین طلحہ کے انگریزی افسانوی مجموعہ "Fida-e Lucknow : Tales of the city and its people” کا انگریزی سے اردو ترجمہ ہے۔ صبیحہ انور کی تراجم کے علاوہ دو تنقیدی کتابیں، دو افسانوی مجموعے اور ایک سفرنامہ بھی شائع ہوچکے ہیں۔ آج رویندر بھون، نئی دہلی میں ساہتیہ اکادمی کے چیئرمین ڈاکٹر چندرشیکھر کمبار کی صدارت میں ایگزیکیٹو بورڈ نے 24 ہندستانی زبانوں کے لیے ساہتیہ اکادمی ترجمہ ایوارڈ 2020 کو منظوری دی۔
اردو ایوارڈ کا فیصلہ جیوری کی میٹنگ میں ہوا جس کی صدارت اردو مشاورتی بورڈ کے کنوینر اور معروف شاعر شین کاف نظام نے کی اور جیوری ممبران میں پروفیسر شافع قدوائی، ڈاکٹر احمد صغیر اور ڈاکٹر راجیش ریڈی شامل تھے۔ ساہتیہ اکادمی ہر سال 24 زبانوں کے مترجمین کو ایوارڈ کے لیے منتخب کرتی ہے۔ یہ ایوارڈ پچاس ہزار روپے نقد اور توصیف نامے پر مشتمل ہے۔ اس سال کے ایوارڈ کے لیے 1 جنوری 2014 سے 31 دسمبر 2018 کے دوران شائع شدہ تراجم زیرغور آئے۔ یہ انعامات سال رواں کے دوران ساہتیہ اکادمی کی ایک پُروقار تقریب میں دیے جائیں گے۔