دیوبند:کووڈ 19-کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر اور سخت کارروائی کرنے کے احکامات کمشنر سہارنپور اے وی راجا مولی نے ماتحت افسران کو دیتے ہوے کہا کہ عام شخص کو گائڈ لائن سے آگاہ اور ویکسنیشن کے تئیں بیدار کیا جائے۔ڈویژنل کمشنر نے سہارنپور مظفر نگر اور شاملی کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے پیش نظرضلع میں نصب پی اے سسٹم کو آپریشنل بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19-کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی صورت میں موثر کارروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19-کے قواعد کی تشہیر عام کی جائے۔اے وی راجامولی نے کہا کہ کووڈ 19-کی مثبت رپورٹ آنے پر ایسے افراد کے ساتھ رابطے میں آنے والوں کی بھی لازمی جانچ کی جائے اورباہر سے آنے والے لوگوں کو ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں پر چیک کرنے میں کسی قسم کی لاپروائی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال بنایا جائے۔ اگر کووڈ 19-کے سسٹم میں کوئی شکایت موصول ہوتو اسے فوری طور پر حل کیا جانا چاہئے۔ کمشنر نے تمام چیف میڈیکل آفیسرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کووڈ ویکسین کو خراب نہ ہونے دیں۔ ویکسنیشن کے بارے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسنیشن کے دن اسی تعداد میں افراد کی موجودگی کو یقینی بنانا چاہئے،جس تعداد کا ہونا ضروری ہے لوگوں کوڈراپس پلائے جانے کا بھی انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسنیشن کیلئے اضافی ویکسنیشن مراکز کو فعال کیا جائے۔ کووڈ اسپتالوں کو بھی اضلاع میں مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈکے ٹیسٹنگ کی تعداد کو معیار تک محدود نہ رکھ کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ٹیسٹ کیے جائیں۔اے وی راجامولی نے کہا کہ بیوپار منڈل کے ذمہ داران سے بات چیت کے بعد بازاروں میں موجود تاجروں کو بھی گائڈ لائن کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف میڈیکل آفیسر سے موصولہ معلومات کی بھی ضلعی مجسٹریٹ اپنی سطح سے تصدیق کرالیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کی ہر روزمیٹنگ ہونا چاہیے تاکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اگلے دن کے لئے ایک ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کراسکیں۔کمشنر نے کہا کہ ہولی جلانے کے مقامات کا معائنہ کرنے کے بعد تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہولی دہن کے لئے کوئی تنازع نہ ہو اور اگر کوئی تنازع والی جگہ ہے تو وہاں سیکورٹی کے مناسب دستے تعینات کیے جائیں تاکہ پر امن طریقہ سے ہولی جلانے کا کام پورا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کے جلوس اور تقریبات کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے اور حساس عمر کے لوگوںکو تقاریب اور جلوسوں میں شامل نہ کرنے پر تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہولی اور شب برأت کے جلوس کسی بھی جگہ آمنے سامنے نہ آنے پائیں، اس کو یقینی بنایا جائے، اس کے لئے منتظمین کے ساتھ وقت اور راستے سے متعلق پہلے سے بات کر لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس اور کسی بھی تقریب میں کووڈ کے قواعد کی صد فیصد پابندی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کے دوران بلا تعطل پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ افسران و ملازمین اپنی ڈیوٹی میں لا پروائی نہ برتیں۔