سپریم کورٹ نے حال ہی میں محکمہ آثار قدیمہ، دہلی کو ہدایت دی ہے کہ وہ لودھی دور کے شیخ علی گمتی کے مقبرہ کی بحالی کے عمل کو شروع کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر ایک کمیٹی تشکیل دے، جو آثار قدیمہ کی اہمیت کے حامل 500 سال پرانے مقبرے پر 60 سال سے ڈیفنس کالونی ریذیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے غیر قانونی قبضے میں تھا۔ عدالت نے ڈی ایس آر ڈبلیو اے سے غیر قانونی قبضے کی قیمت وصول کرنے کا بھی حکم دیا۔
21 جنوری کے حکم نامے کے مطابق، ڈیفنس کالونی ریذیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن، جو دفتری مقاصد کے لیے 60 سال سے مقبرے پر غیر قانونی طور پر قابض تھی، اب اس کا فرنیچر وغیرہ ہٹانے کے بعد اس کا قبضہ لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کے حوالے کر دیا ہے۔ یادگار کا قبضہ حوالے کرنے کا عمل ایک سینئر وکیل اور عدالت کے مقرر کردہ کمشنر گوپال شنکر نارائن کی موجودگی میں کیا گیا۔