شملہ : ہماچل پردیش کی کانگریس سرکار ایک تنازع کو نمٹانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے اور ئندوتو تنظیمیں لگاتار اس پر دباؤ بنارہی ہیں اس مہم کے تحت دارالحکومت شملہ میں آج اس وقت حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے جب سنجولی مسجد کی تعمیر کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پولیس کی جانب سے لگائے گئے بریکیٹس توڑ کر مسجد کی جانب بڑھنے لگے اور پتھراؤ شروع کردیا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران ایک سیکوریٹی اہلکار زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہزاروں مظاہرین ڈھلی ٹنل پہنچے اور یہاں پولیس کی جانب سے لگائے گئے بیریکیٹس کو ہٹاکر سنجولی مسجد کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی۔ جس کے بعد بھیڑ نے شملہ پولیس پر پتھراؤ کردیا۔ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے بھیڑ پر لاٹھی چارج کیا۔ اس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔
دوسری طرف ہماچل کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے میڈیا مشیر نریش چوہان نے بھی اس معاملے پر بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ غیر قانونی تعمیرات کا مسئلہ ہے، اسے مسجد کے تنازع سے نہ جوڑا جائے۔ نریش چوہان نے دعوی کیا ہے کہ اس معاملے پر لوگوں نے پرامن مظاہرہ کیا ہے۔
دوسری طرف آج تک کی خبر یہ ہے کہ ہندو تنظیم کے لوگ جو بڑی تعداد میں سنجولی میں احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے نے پولیس کی رکاوٹیں توڑ دیں۔ مظاہرین اب مسجد کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو مظاہرین کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیریکیڈ توڑنے کے بعد پولیس نے آگے بڑھنے والے بھیڑ پر لاٹھی چارج بھی کیا۔اس معاملے پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور ہماچل پردیش کے وزیر وکرمادتیہ سنگھ کا بیان بھی آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنے کا حق ہر ایک کو ہے لیکن کوئی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے جس سے ریاست کا امن خراب ہو۔ ریاست کا امن و امان خراب نہیں ہونے دیا جا سکتا۔ سارا معاملہ عدالت میں ہے۔ اگر جگہ غیر قانونی پائی گئی تو کارروائی کی جائے گی اور قانون کے مطابق اسے گرایا جائے گا۔
شملہ کی انتظامیہ نے احتیاطی طور پر علاقہ میں 2023 کی بھارتی شہری تحفظ سنہتا کی دفعہ 163 نافذ کردیا جس کے تحت بغیر اجازت کے پانچ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے اور مہلک ہتھیار و ہتھیار رکھنے پر پابندی عائد رہے گی۔ حکام نے بتایا کہ سنجولی کے علاقے میں کوئیک رسپانس ٹیم کے ساتھ ایک ہزار سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔