نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے اندر اور باہر کچھ طاقتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے اور دنیا میں اس کی منفی شبیہہ بنانے کے لیے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔وزیر اعظم ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد گجرات کے نرمدا ضلع کے ایکتا نگر میں ‘اسٹیچو آف یونٹی’ کے قریب ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
واضح رہے 31اکتوبر کو "یوم قومی قومی اتحاد ” کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، "ہندوستان کے اندر اور باہر کچھ طاقتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے اور دنیا میں اس کی منفی تصویر بنانے کے لیے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وہ ذات پات کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ترقی یافتہ ہندوستان کے خلاف ہیں۔ انہوں نے ملک کے لوگوں سے ’اربن نکسلائٹس‘ کے اس گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ لوگ ملک کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا، “جیسے جیسے جنگلات میں نکسل ازم ختم ہو رہا ہے، اربن نکسلائٹس کا ایک نیا ماڈل ابھر رہا ہے۔ آج اربں نکسلائٹ ان لوگوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں جو کہتے ہیں کہ اگر آپ متحد رہیں گے تو آپ محفوظ رہیں گے۔ ہمیں اربن نکسلائٹس کی شناخت اور ان کو بے نقاب کرنا ہوگا۔
مودی نے کہا کہ اگرچہ ایسے لوگ تھے جو ہندوستان کے اتحاد کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار تھے لیکن سردار پٹیل نے اسے ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ ملک اگلے دو سال بعد پٹیل کی 150ویں یوم پیدائش منائے گا۔
انہوں نے کہا، "ہمارا ملک ‘ون نیشن ، ون سیکولر سول کوڈ’ کے نفاذ کی طرف بڑھ رہا ہے، جو ہمارے ملک کو مضبوط کرے گا۔ ہم ‘ون نیشن ، ون الیکشن ‘ کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے ہماری جمہوریت مضبوط ہو گی۔