لکھنو:
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کو رونا کی خوفناک صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت اس حساس معاملے پر سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ ایس پی کی مانگ ہے کہ مرکزی حکومت بلاتاخیر فوری طورپر موثر اقدامات کرے بصورت دیگر یہ ناقابل معافی ہوگا۔ ملک کے عوام کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ بند ہونا چاہئے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ انکی پارٹی مرکزی حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ بجٹ میں 35ہزار کروڑ روپے مختص کرنے کو فی الفور یقینی بنایا جائے جس کا استعمال پورے ملک میں مفت ٹیکہ کاری کے لئے کیا جائے۔ یہ بھی مانگ ہے کہ تمام اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹروں پر آکسیجن کی دستیابی یقنی بنائی جائے۔