بھوپال :(ایجنسی)
مدھیہ پردیش کے نرسنگھ پور میں ایک تقریب کے دوران مہاتما گاندھی کو ’غدار‘ (دیش دروہی)کہنے پر ترون مراری باپو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ترون مراری باپو نے کہا تھا، ’’گاندھی نے ملک کو تقسیم کیا، وہ دیش دروہی تھے‘‘۔
رپورٹس کے مطابق ترون مراری باپو نے کہا کہ ’جو قوم کو ٹکڑے ٹکڑے کر دےگا، وہ بابائے قوم کیسے ہو سکتا ہے؟ میں ان کی مخالفت کرتا ہوں، وہ دیش دروہی ہے۔‘
ترون مراری باپو کے بیان پرکانگریس نے اعتراض کرتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو میمورینڈم سونپا۔ اس معاملے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے تھانہ گنج میں آئی پی سی کی دفعہ 153، 504، 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حالانکہ ترون مراری باپو اب بھی اپنی بات پر قائم ہیں۔
ترون مراری باپو نے پیر کو چھندواڑہ روڈ پر واقع ویرا لان میں شری مد بھاگوت کتھا کے دوران ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔
ترون مراری باپو سے پہلے، سنت کالی چرن داس نے چھتیس گڑھ کے رائے پور میں منعقدہ دھرم سنسدمیں مہاتما گاندھی کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا تھا۔ کالی چرن کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملک بھر میں اس دھرم سنسد کے خلاف احتجاج ہوا اور سنت کالی چرن کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس نے کالی چرن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد اسے مدھیہ پردیش سے گرفتار کرلیا۔
کچھ ہندو تنظیموں نے کالی چرن کی گرفتاری کی مخالفت کی۔ بی جے پی لیڈر نروتم مشرا نے بھی کالی چرن کی گرفتاری کے بعد پولیس پر کچھ سوالات اٹھائے تھے۔
ترون مراری باپو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔