ادےپور :(ایجنسی)
ادے پور شہر کے ہاتھی پول علاقے کی مالداس گلی میں دن دہاڑے گلا کاٹ کر ایک شخص کا قتل کر دیا گیا۔ ایک ویڈیو جاری ہوئی ہے جس میں ایک شخص اس قتل کی ذمہ داری لے رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اس نے نوپور کی حمایت میں پوسٹ ڈالنے پر اسے سزا دی ہے۔ اس واردات کے بعد ادے پور میں کشیدگی ہے۔ راجستھان کے سی ایم اشوک گہلوت نے ٹویٹ کرکے لوگوں سے اس ویڈیو کو شیئر نہ کرنے کی اپیل کی ہے اور امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
معلومات کے مطابق کنہیا لال نامی شخص ٹیلرنگ کا کام کرتا ہے اور اس کے چھوٹے بیٹے نے نوپور شرما کی حمایت میں ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔ اس کے بعد کنہیا کا ایک خاص برادری کے لوگوں سےبحث ہوگئی تھی ۔ جب اس نے دھان منڈی تھانے میں اس کی اطلاع دی تو پولیس نے دونوں سے بات چیت کرائی اور تصفیہ کروادیا۔ تاہم اس کے بعد بھی کنہیا لال نے پولیس سے سیکورٹی مانگی۔
اطلاعات کے مطابق اسے دو دن کے لیے سیکورٹی بھی فراہم کی گئی تھی لیکن جیسے ہی منگل کو پولیس کی حفاظت ہٹائی گئی، اس کے فوراً بعد ملزم نے دن دہاڑے تیز دھار ہتھیار سے اس کا گلا کاٹ دیا۔ کنہیا لال کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
ایس پی ادے پور نے کہا کہ ایک گھناؤنا قتلکو انجام دیا گیا ہے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائے گی۔ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایک شخص کی جانب سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے کہ یہ کام اس نے کیا ہے، اس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔
ادے پور میں قتل کے بعد کشیدگی بڑھ گئی، 24 گھنٹے انٹرنیٹ بند
ادے پور میں دن دہاڑے گلا کاٹنے کے اس واقعہ کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ تاجروں نے ایک ایک کر کے تمام دکانیں بند کر دیں اور ایک جگہ جمع ہو کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ جس کے بعد تاجروں نے پولیس سے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تاجروں کا الزام ہے کہ ایک مخصوص طبقہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے قانون کی دھجیاں اڑائیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
بڑھتے ہوئے کشیدگی کے درمیان معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے، ادے پور کے ڈویژنل کمشنر راجندر بھٹ نے 24 گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ضلع کلکٹر تاراچند مینا، پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج چودھری موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ ہاتھی پول سمیت نصف درجن علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ دوسری جانب لوگ بھی احتجاج کرنے موقع پر پہنچ چکے ہیں ۔
ادے پور واقعہ معمولی نہیں ہے، پی ایم مودی کو امن کی اپیل کرنی چاہئے: سی ایم گہلوت
راجستھان کے سی ایم اشوک گہلوت نے جودھ پور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ادے پور میں یہ واقعہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، یہ تصور سے باہر ہے کہ کوئی بھی شخص ایسا کر سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ایسے وقت میں کشیدگی پیدا نہ ہو۔‘‘ سب کو مل جل کر امن سے رہنا چاہیے، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا، پولیس مصروف عمل ہے، جلد گرفتاریاں ہوں گی، کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
’یہ تشویشناک بات ہے۔ کسی کا اس طرح سے قتل افسوسناک اور شرمناک ہے۔ ماحول کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ پورے ملک میں تناؤ کا ماحول بنا ہوا ہے۔ میں بار بار وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے کہتا ہوں کہ ملک سے خطاب کریں۔ وزیر اعظم کو اپیل کرنی چاہیے کہ ہم تشدد کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔ سب محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔‘‘
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر گلاب چند کٹاریہ نے کہا ہے کہ ’’میں نے وزیر اعلیٰ، ایس پی سے بات کی ہے اور کہا ہے کہ جلد از جلد گرفتاری کی جائے تاکہ غصے پر قابو پایا جاسکے‘‘۔