ترونت پورم : (ایجنسی)
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور سابق مرکزی وزیر کے جے الفونس نے کہا ہے کہ ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے رہنما کیرالہ میں بنیاد پرستی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرل میں طالبان جیسا ماحول بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سابق مرکزی وزیر کے جے الفونس نے کہا کہ کیرل کے کچھ علاقوں میں یہ 25 سال سے نظر آرہا ہے۔ اگلے پانچ دس سالوں میں کیرل کی حالت افغانستان جیسی ہو جائے گی۔
الفونس کا یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا جب کیرل بی جے پی کے جنرل سکریٹری جارج کورین نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھ کر جہادی سرگرمیوں پر روک لگانے کی مانگ کی ہے۔ کیرل میں برسر اقتدار سی پی آئی (ایم) کے پیشہ ور کالجوں میں نوجوانوں کو دہشت گردی کی طرف دھکیلنے کی کوششوں کولے کرخبردار کرنے کے ایک دن بعد ، بی جے پی نے ہفتہ کو بائیں بازو کی حکومت سے اس بارے میں مرکزی حکومت کے ساتھ جانکاری شیئر کرنے کی اپیل کی تاکہ آگے کی کارروائی کی جاسکے۔
بتادیں کہ سی پی آئی ( ایم) نےریاست میں پارٹی کے آئندہ کنونشن کے حوالے سے تیار کردہ اندرونی سرکلر میں یہ اہم تبصرے کیے۔ مرکزی وزیر وی مرلی دھرن نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ جیسا کہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایک طبقہ جان بوجھ کر نوجوانوں کو فرقہ واریت اور دہشت گردی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے ، ایسی صورت حال میں اگر ریاستی حکومت ضروری معلومات دے گی تو این آئی اے کی مرکزی ایجنسیاں یقینی طور پر معاملے کی تحقیقات کریں گی ۔