فلکیات اور خلائی علوم کے عرب اتحاد کے رکن ابراہیم الجروان نے توقع ظاہر کی ہے کہ زیادہ تر ممالک میں یکم رمضان رواں ماہ 13 اپریل بروز منگل ہو گی۔ مزید یہ کہ عید الفطر یعنی یکم شوال 13 مئی بروز جمعرات ہو گی۔ لہٰذا اس سال رمضان مبارک 30 روز کا ہو گا۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق دنیا کے زیادہ تر ممالک میں رمضان کا چاند 12 اپریل بروز پیر کو غروب آفتاب کے بعد نظر آ جائے گا۔
اس روز جن ممالک میں چاند نظر آ جانے کا امکان ہے ان میں سعودی عرب، انڈونیشیا، ملیشیا، برونائی، ایران، سلطنت عمان، امارات، اردن، شام، لیبیا، الجزائر، مراکش اور موریتانیا کے علاوہ براعظم افریقہ کے زیادہ تر اسلامی ممالک شامل ہیں۔
الجروان کے مطابق فلکیاتی حساب سے رمضان کا چاند پیر کے روز غروب آفتاب سے قبل پیدا ہو جائے گا۔ اس کی عمر 13 گھنٹے کے قریب ہو گی اور یہ غروب آفتاب کے بعد تقریبا 21 منٹ تک باقی رہے گا۔ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں یکم رمضان 14 اپریل بروز بدھ ہو گی۔