بنگلور : (ایجنسی)
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ تبدیلی مذہب بند ہونا چاہئے اورمذہب بدلنے والوں کو خود اس کا اعلان کرنا چاہئے۔ سنگھ کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبولے نے کہاکہ اگر کوئی سرکار تبدیلی مذہب مخالف بل پیش کرتی ہے تو وہ اس کا خیرم مقدم کریں گے۔
کرناٹک کے دھارواڑ میں تین روزہ آل انڈیا ایگزیکٹیو بورڈ( اے بی کے ایم) کی میٹنگ کے اختتام کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبولے نے کہاکہ تبدیلی مذہب کو روکا جانا چاہئے اور جن لوگوں نے مذہب تبدیل کیاہے انہیں اعلان کرنا ہوگاکہ انہوں نے مذہب بدل لیا ہے ۔
تبدیلی مذہب مخالف قانون پر آر ایس ایس کے موقف پر ایک سوال کے جواب میں ہوسبولے نے کہا کہ اقلیتیں اس کی مخالفت کیوں کر رہی ہیں یہ ایک معمہ ہے۔ کسی بھی طریقے سے کسی مذہب کے لوگوں کی تعداد بڑھانا، دھوکہ دہی یا ایسے دیگر طریقوں کوقبول نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
ہوسبولے نے دعویٰ کیا کہ اروناچل پردیش میں کانگریس حکومت نے بھی تبدیلی مذہب مخالف بل پاس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب تبدیل کرنے کی ہمیشہ آزادی ہے لیکن آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کتنا اہم ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی نے اس معاملے پر قومی بحث کا مطالبہ کیا تھا۔








