لیڈس: (ایجنسی)
کپتان جو روٹ کی شاندار سنچری اور ڈیوڈ ملان کے 70 رنو کی مدد سے انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں ہندوستان کے 78 رنوں کے جواب میں 423 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کر لیا ہے۔
کپتان جو روٹ نے 121 رن اور ڈیوڈ ملان نے 70 رن بنائے جبکہ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کے 8 وکٹوں کے نقصان پر 423 رن بنا لئے تھے۔ کریگ اوورٹن اور اولی رابنسن ابھی وکٹ پر موجود تھے۔ ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے 3 وکٹ، سراج اور رویندر جڈیجہ نے دو دو جبکہ جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
کل صبح انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے اپنے 120 رن کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا لیکن دونوں بلے باز صرف 15 رن جوڑ سکے۔ محمد شامی نے برنس کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد جڈیجہ نے حسیب حمید کو بولڈ کر دیا۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے کے بعد کپتان جو روٹ اور ڈیوڈ ملان نے بلے بازی سنبھالی اور 139 رنوں کی ساجھے داری کی۔ محمد سراج نے ملان کو 70 رن کے اسکور پر آؤٹ کیا۔
ڈیوڈ ملان کے آؤٹ ہونے کے بعد جانی بیرسٹو نے کپتان کے ساتھ مل کر 52 رن بنائے لیکن محمد شامی نے بیرسٹو کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کوچوتھا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد نئے بلے باز جوز بٹلر کو بھی شامی نے آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ کو اس وقت جھٹکا لگا جب بمراہ نے کپتان روٹ کو 121 رنووں کے ذاتی اسکور پر ان کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کو اس وقت 345 رنوں کی بڑھت حاصل ہے اور ابھی اس کے پاس دو وکٹ اور تین دن باقی ہیں۔