ممبئی: (ایجنسی)
ڈرگ معاملہ کی جانچ کر رہے این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے لگاتار الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ سمیر وانکھیڑے ایک مسلمان ہیں، لیکن انہوں نے خود کو دلت ظاہر کرتے ہوئے فائدہ حاصل کیا ہے اور ایک دلت کا حق چھینا ہے۔ نواب ملک نے اب اپنے اس دعوے کے حق میں سمیر وانکھیڑے کا مبینہ نکاح نامہ بھی پیش کیا ہے۔
نواب ملک نے ٹوئٹر پر ایک نکاح نامہ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’یہ سمیر داؤد وانکھیڑے کا نکاح نامہ ہے۔ ان کا نکاح ڈاکٹر شبانہ قریشی کے ساتھ 7 دسمبر 2006 کو لوکھنڈوالا کمپلیکس، اندھیری ویسٹ، ممبئی میں ہوا تھا۔‘‘
ان الزامات پر سمیر وانکھیڑے کی بیوی کرانتی وانکھیڑے نے کہا کہ ان کے شوہر جھوٹے نہیں ہیں۔ ہم معمولی لوگ ہیں۔ میرے شوہر کے طریقہ کار سے کچھ لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔ وہ بہت ایماندار افسر ہیں۔ مجھے حکومت مہاراشٹر پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ سچ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ میرے شوہر سمیر پیدائشی ہندو ہیں، جنہوں نے مسلم خاتون سے شادی کی تھی۔ ان کی پہلی شادی اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت ہوئی تھی اور 2016 میں طلاق ہو گئی تھی۔ ہمار شادی ہندو میرج ایکٹ کے تحت ہوئی تھی۔
اس سے قبل نواب ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں نامعلوم شخص کی جانب سے خط موصول ہوا ہے۔ وہ جو خود کو این سی بی کا ملازم بتاتا ہے لیکن اس نے اپنا نام نہیں لکھا۔ اس خط کے مطابق امت شاہ سمیر وانکھیڑے اور استھانہ کو این سی بی لے کر آئے۔ سمیر وانکھیڑے اور کے پی ایس نے دیپیکا جیسی بڑی اداکارہ سے بڑی رقم حاصل کی۔ نواب ملک نے یہ بھی الزام لگایا کہ سمیر بعض اوقات کیس کو بڑا کرنے کے لیے چھاپوں میں ملنے والی منشیات کی مقدار میں اضافہ کر دیتے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری لڑائی این سی بی سے نہیں ہے۔ پچھلے کئی سالوں میں اس ادارے سے باز پرس نہیں ہوئی۔ ایک افسر نے جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے نوکری حاصل کی۔ میں نے پیدائش کا سرٹیفکیٹ شیئر کیا لیکن میں مذہب کے نام پر کبھی سیاست نہیں کرتا۔
نواب ملک نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا اس شخص نے درج فہرست ذات کے جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے نوکری حاصل کرکے غریبوں کا حق مارا؟ اس کے والد گیانیشور وانکھیڑے کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے اور جب انہوں نے ایک مسلم خاتون سے شادی کی تو انہوں نے اسلام قبول کر لیا۔ سمیر کے والد پیدائشی طور پر دلت تھے لیکن بعد میں شادی کے بعد مذہب تبدیل کر لیا۔ جب کوئی شخص اسلام یا کوئی دیگر مذہب قبول کرتا ہے تو اس کا اپنی پرانی ذات سے کوئی تعلق نہیں رہتا لیکن سمیر وانکھیڑے نے ریزرویشن کا فائدہ حاصل کیا۔