نئی دہلی :(ایجنسی)
ملک کی راجدھانی دہلی میں آوارہ کتوں کی دہشت بڑھتی جارہی ہے۔ مغربی دہلی کے موتی نگر علاقے کے ایک پارک میں ایک تین سالہ معصوم بچی کو آوارہ کتوں نے نوچ کھایا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ اس معاملے کے حوالے سے سینئر صحافی آلوک مہتا نے ٹوئٹر پر بی جے پی ایم پی مینکا گاندھی کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ کتوں کے حقوق انسانوں سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا، ’’دہلی میں آوارہ کتوں نے ایک معصوم بچی کو نوچ کر مار ڈالا۔ ہر علاقے میں سڑکوں پر کتوں کی دہشت ہے، مینکا گاندھی کی مہربانی سے کتوں کے حقوق انسانوں سے زیادہ ہیں۔ میونسپل کارپوریشن نے کتوں کو پکڑنا بند کردیا۔ محلہ کلینک میں کتے کے کاٹنے کی دوا نہیں ہے۔‘‘
وہیں سینئر صحافی کے ٹویٹ کے بعد آوارہ کتوں کو لے کر بحث چھڑ گئی ہے۔ صحافی ہرش وردھن ترپاٹھی نے اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔ انہوں نے آلوک مہتا کے ٹویٹ پر لکھا، ’’یہ بہت سنگین معاملہ ہے جناب، لیکن حکومت سے لے کر سماج تک، انسان سے زیادہ کتے کے چاہنے والےہوگئے ہیں۔ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایسے دردناک حادثات میں اضافہ ہوگا۔ ہمارے معاشرے میں بھی کتوں نے برا حال کر رکھا ہے۔ دیسی سڑک پراور گھروں میں غیر ملکی کتے انسانوں پر بھاری پڑ رہے ہیں۔‘‘
بتادیں کہ بی جے پی ایم پی مینکا گاندھی جانوروں پر تشدد کو لے کر بہت حساس ہیں۔ ایسے میں وہ اکثر بے زبانوںپر ہونے والے مظالم پر آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔ ان کی جانوروں سے محبت بھی سرخیوں میں رہتی ہے۔ وہ کئی تنظیموں کے ذریعے جانوروں کے مفاد میں کام کرتی ہیں۔ یہ سب دیکھ کر آلوک مہتا نے ٹوئٹر پر آوارہ کتوں کی دہشت کے حوالے سے مینکا گاندھی کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنی بات لکھی۔