ٹوکیو:
ہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم کی طرف سے ٹوکیو اولمپکس میں گزشتہ روز 41 سال بعد کانسہ کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد آج خواتین کی باری تھی، تاہم اس نے موقع گنوا دیا۔ عظیم برطانیہ (گریٹ بریٹین) کے سامنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے کے باوجود ہندوستانی ٹیم ایک گول سے پیچھے رہ گئی اور اس کی 4-3 سے ہار ہوئی۔
اپنے تیسرے اولمپکس میں کھیل رہی ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم سیمی فائنل تک کا سفر طے کر کے پہلے ہی تاریخ رقم کر چکی ہے اور آج کانسہ کے کے لئے اس کا مقابلہ عظیم برطانیہ سے تھا۔ خواتین ٹیم کی کارکردگی اس لئے بھی خاص ہے کیونکہ شروعات میں اس نے لگاتار تین میچ گنوا دئے تھے اور اس کے بعد شاندار کارکردگی کے دم پر وہ سیمی فائنل تک پہنچ گئی۔
آج کے میچ کی بات کریں تو میچ شروع ہونے کے ساتھ ہی برطانوی خواتین ہندوستان پر پوری طرح حاوی ہو گئیں، تاہم ہندوستان کی گول کیپر سویتا پونیا نے بہترین دفاع کیا اور پہلا کوارٹر ختم ہونے تک دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں۔
دوسرے کوارٹر کی شروعات میں برطانیہ نے زبردست شروعات کی اور پہلے ہی منٹ میں ایلی رییئر نے گول داغ کر ہندوستان کو دباؤ میں لا دیا۔ اس کے بعد برطانیہ کے لئے 24 ویں منٹ میں سارہ رابرٹسن نے گول کیا۔ انہوں نے ریورس شاٹ کے ذریعے گول داغا اور برطانیہ 2-0 سے آگے ہو گیا۔
اس کے بعد ہندوستانی خواتین نے جوابی حملہ بولا اور گرجیت کور نے 2 منٹ کے اندر دو گول داغ دئے۔ انہوں نے پہلا گول 25ویں اور دوسرا گول 26ویں منٹ میں کیا۔ اس گول کے ساتھ ہندوستان نے اسکور 2-2 سے برابر کر لیا۔ اس کے بعد وندنا کٹاریا نے 29ویں منٹ میں تیسرا گول داغ دیا اور ہندوستان کو 3-2 سے برتری حاصل ہو گئی۔
تیسرا کوارٹر برطانیہ کے نام رہا اور اس نے مزید ایک گول داغ کر اسکور 3-3 سے برابری پر لا دیا۔ اس کوارٹر میں سویتا پونیا نے کئی مواقع پر شاندار دفاع بھی کیا۔ اس کے بعد چوتھے کوارٹر میں برطانیہ کی طرف سے ایک گول اور کیا گیا اور اس نے 4
-3 کی برتری حاصل کر لی، جو میچ ختم ہونے تک برقرار رہی۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کو اب تک 5 میڈل حاصل ہو چکے ہیں۔ اس میں سے دو چاندی اور تین کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ ویٹ لفٹنگ میں میرابائی چانوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو، مکہ باز لولینا بورگوہین اور مردوں کی ہاکی ٹیم نے ہندوستان کے لئے کانسے کے تمغے جیتے۔ اس کے بعد روی کمار دہیا نے کشتی کے مقابلہ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔