ٹوکیو :
اولمپک کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ پہنچی ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کا گولڈ کا خواب ٹوٹ گیا ہے ۔ ارجنٹینا کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلہ میں ہندوستان کو سیمی فائنل میں دو ایک سے مات دے دی ، حالانکہ ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم اولمپک تاریخ میں اب بھی اپنا پہلا میڈل جیت سکتی ہے ۔ تیسری پوزیشن اور برانز میڈیل کیلئے ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ اب برطانیہ سے ہوگا ۔ پہلے سیمی فائنل میں جرمنی کی ٹیم نے برطانیہ کو پانچ ایک کے بڑے فرق سے ہرا دیا تھا ۔
ہندوستانی ٹیم نے سیمی فائنل میچ میں شاندار شروعات کی ۔ ہندوستان کی طرف سے گرجیت کور نے دوسرے منٹ میں ہی شاندار گول سے کھاتہ کھولا ۔ گرجیت نے پینالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی ۔ پہلے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے پوری طرح سے اپنا دبدبہ برقرار رکھا اور ایک صفر سے آگے رہی ، حالانکہ دوسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم اپنا دبدبہ برقرار نہیں رکھ سکی۔ ارجنٹینا نے واپسی کرتے ہوئے اٹھارہویں منٹ میں برابری کا گول کیا ۔ ارجنٹینا کی طرف سے کپتان ماریا نیول نے گول کیا ، حالانکہ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان کو تین پینالٹی کارنر ملے ، لیکن ٹیم اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکی ۔ دوسرا کوارٹر فائنل ایک ایک سے برابری پر رہا ۔
تیسرے کوارٹر کے 36 ویں منٹ میں ماریا نیول نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کیا اور اسی کے ساتھ دنیا کی دوسری نمبر کی ٹیم ارجنٹینا نے میچ میں دو ایک سے سبقت حاصل کرلی اور یہ سبقت آخر میں فیصلہ کن ثابت ہوئی ۔ ہندوستانی ٹیم تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں ایک بھی گول نہیں کرسکی ۔
ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم پہلی مرتبہ اولمپک کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی ۔ 1980 کے ماسکو اولمپک میں ہندوستانی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی تھی ۔