ٹوکیو:
ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے ٹوکیو اولمپک میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹیم نے پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ہندوستان نے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کو 0-1 سے شکست دی۔ خاتون ٹیم صرف تیسری بار اولمپک میں اتر رہی ہے۔ سال 2016 ریو اولمپک میں ٹیم 12 ویں نمبر پر رہی تھی۔ اس کے علاوہ 1980 میں ٹیم چوتھے نمبر پر رہی تھی، حالانکہ اس وقت سیمی فائنل کے مقابلے نہیں تھے۔ پول میچوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹاپ-3 ٹیمیں طے ہوئی تھیں۔ اس سے پہلے ہندوستانی مرد ٹیم نے بھی سیمی فائنل میں پہنچ کر میڈل کی امید برقرار رکھی ہے۔
میچ میں ہندوستانی خاتون ٹیم نے اچھی شروعات کی، حالانکہ پہلے کوارٹر میں ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں ہی ٹیمیں گول نہیں کرسکیں۔ 22 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر پر گرجیت کور نے گول کرکے ہندوستانی ٹیم کو 0-1 کی سبقت دلائی۔ ہاف ٹائم تک اسکور یہی رہا۔ تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی گول نہیں ہوا اور ہندوستانی ٹیم 0-1 سے آگے رہی۔ چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا کی ٹیم نے زبردست حملے کئے اور مسلسل دو کارنر بھی حاصل کئے۔ اسے میچ میں کل 9 پینالٹی کارنر ملے، لیکن وہ اس پر گول نہیں کرسکی۔ ہندوستانی ٹیم کو صرف ایک کارنر ملا اور اس نے اس پر گول کرکے جیت کو یقینی بنا دیا۔
تین شکست کے بعد مسلسل تین جیت
ہندوستانی خاتون ٹیم حالانکہ ٹوکیو میں اچھی شروعات نہیں کرسکی تھی۔ ٹیم کو پہلے تین مقابلوں میں بڑی شکست ملی تھی۔ نیدرلینڈس نے 1-5 سے، جرمنی نے 0-2 سے اور برطانیہ نے 1-4 سے شکست دی۔ ایسے میں لگ رہا تھا کہ ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔ اس کے بعد ٹیم نے زبردست واپسی کی۔ پہلے آئر لینڈ کو زبردست مقابلے میں 0-1 سے ہراکر پہلی جیت درج کی۔ پھر ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 3-4 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ اب آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ یقینی کرلی ہے۔ ٹیم سیمی فائنل میں 4 اگست کو ارجنٹینا سے مدمقابل ہوگی۔ ارجنٹینا نے پہلے کوارٹر فائنل میں جرمنی کو 0-3 سے شکست دی۔