امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے حماس حمایتی طلباء کے ویزے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وائٹ ہاؤس نے فیصلے کی تصدیق کی اور بتایا کہ امریکا میں موجود حماس حمایتی طلبا کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق نئی امریکی انتظامیہ کالج کیمپسوں سے تمام حماس حمایتیوں کے طلبا ویزے منسوخ کرے گی۔وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ہنگامہ آرائی اور املاک پر حملوں کے جرائم کی تحقیقات کرے گی.دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ کو خالی کرنے اور فلسطینیوں کو مصر اور اردن بھیجنے کی تجویز پر مصری صدر نے بھی ردعمل دے دیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مصر کے صدر عبد الفتح السیسی نےکہا ہے کہ فلسطینیوں کی بے دخلی ایک غیر منصفانہ اقدام ہوگا اور مصر اس میں شریک نہیں ہوگا۔ان کا کہنا ہے کہ مصر امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان قیام امن کے حصول کی کوشش کرے گا۔