دیوبند:
یوپی بورڈ نے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے انگریزی مضمون کا سیلیبس پوری طرح سے تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ ترمیم شدہ سلیبس کے مطابق اب طلبا و طالبات این سی ای آر ٹی کی جانب سے طے کئے گئے اسباق پڑھیں گے ۔بورڈ نے انٹر میڈیٹ کے نثر والے حصہ میں ایک باب کا اضافہ کر دیا ہے لیکن اس کے برعکس نظم والے حصہ سے چار اسباق حذف کر دیئے ہیں ۔وہیں ہائی اسکول کے انگریزی مضمون کے سلیبس میں تقریباً 18ابواب کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق یوپی بورڈ نے سال 2021-22کے لئے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے انگریزی مضمون میں بڑی تبدیلی کی ہے ۔ ہائی اسکول کے طلبہ و طالبات کو اب تقریباً 32اسباق پڑھنے ہوں گے ۔ موجودہ تعلیمی سال میں ہائی اسکول کے انگریزی مضمون میں طلبا و طالبات 6نثری اسباق اور نظم کے صرف 4اسباق پڑھتے آئے ہیں ،اسی طرح اس مضمون کے سپلمینٹری والے حصہ میں صرف 6سبق پڑھنے پڑتے تھے لیکن اب این سی ای آر ٹی پیٹرن کے تحت طلبا و طالبات کو نثر میں 11اور نظم میں بھی 11اسباق پڑھنے ہوں گے ،جبکہ سپلمینٹری ریڈر میں10اسباق کا مطالعہ کرنا ہوگا ۔ یوپی بورڈ نے پہلے کے ابواب سے نثر کے تحت صرف ایک سبق شامل کیا ہے ۔ ہائی اسکول کے طلبا و طالبات انگریزی سلیبس میں اب ہندوستانی مصنف انوپ کمار دتا اور کے اے عباس کا لکھا ہوا مضمون بھی پڑھیں گے ۔ اسی طرح بورڈ نے انٹر میڈیٹ کے طلبا و طالبات کے لئے نثری حصہ میں ایک باب کا اضافہ کیا ہے لیکن اس کے بر عکس نظم والے حصہ سے چار سبق حذف کر دیئے ہیں اور سپلمینٹری ریڈرمیں چار کی جگہ اب 8اسباق طلبا و طالبات کی اسٹڈی کے لئے شامل کئے گئے ہیں ۔پہلے کے سلیبس سے بورڈ نے ایک بھی سبق کورس میں شامل نہیں کیا ہے ۔ انٹرمیڈیٹ میں بھی طلبا و طالبات ہندوستانی مصنف کملا داس کی لکھی ہوئی نظم مائی مدر ایٹ سکسٹی سکس کو بھی پڑھیں گے ۔