لکھنؤ:
اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے بھی ریاست میں انتخابی میدان میں اترنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس کے لئے باقاعدہ اے آئی ایم آئی ایم نے اپنی طرف سے ایم ایل اے امیدواردرخواست فارم بھی جاری کردیا ہے ۔ درخواست فارم کے ساتھ وفاداری کا معاہدہ بھی شامل کیا گیا ہے ۔
ہندی پورٹل آج تک کے مطابق وفاداری کے معاہدہ میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ درخواست گزار ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں پارٹی کے لیے ایمانداری سے کام کرتے ہوئے انتخاب میں پارٹی کے لیے تشہیر کریں گے ، حالانکہ اس درمیان درخواست دہندگان کو 10,000روپے کی درخواست فیس بھی ادا کرنا ہوگی، جسے درخواست فیس مانا جارہاہے ۔
انتخابات لڑنے کے خواہشمند لیڈروں سے درخواست فارم پر کروا کر ایک فہرست تیار کی جارہی ہے ۔ جانکاری کے مطابق اسدالدین اویسی ہی ٹکٹ پر حتمی فیصلہ کریں گے۔ جس کے لیے اویسی کا جلد ہی یوپی دورہ مجوزہ ہے ۔ پارٹی کے ریاستی صدر شوکت علی نے بتایاکہ ہم نے اترپردیش کی 100 مسلم اکثریتی سیٹوں پر لڑنے کا من منایا ہے ۔
بتادیں کہ اس سے قبل اے ایم آئی ایم 2017 کے انتخابات میں یوپی میں ہاتھ آزماچکی ہے ، مگر بری طرح ناکام رہی تھی۔ پارٹی نے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں 38 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے، جس میں ایک بھی سیٹ پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔