گورکھپور:
ٹیچروں اور ملازمین کی دو بڑی تنظیموں – اترپردیش شکشک مہا سنگھ اور ایمپلائز، ٹیچرز، افسران اینڈ پنشنرزرائٹ فورم نے 2 مئی کو پنچایت انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ دونوں تنظیموں نے گزشتہ روز ریاستی الیکشن کمشنر کو بھیجے گئے خط میں اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ خط میں ریاستی الیکشن پلاننگ میں پنچایت انتخابات کے دوران ٹریننگ ،ووٹنگ میں ٹیچروں ،ملازمین کو کورونا وبا سے بچانے کےانتظامات کرنے میں ناکام رہنے کاالزام لگایا ہے۔ دونوں تنظیموں کے اس فیصلے کے بعد پنچایت انتخابات کی گنتی شاید ہی ہو پائے کیونکہ گنتی میں ٹیچروں ، ملازمین کی سب سے زیادپ ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ مہاسنگھ کے فیصلے پر جمعہ کی شام تک ریاستی حکومت یا ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی رد عمل نہیں آیاہے۔ اترپردیش پرائمری ٹیچرایسوسی ایشن نے 29 اپریل کو ریاستی الیکشن کمیشن اور وزیر اعلیٰ کو خط بھیج کر پنچایت انتخابات میں ڈیوٹی کے دوران کورونا انفیکشن سے 706 ٹیچروں، ملازمین کی موت ہونے کی جانکاری دیتے ہوئے دو مئی کو ہونے والی گنتی ملتوی کرنے کی مانگ کی تھی۔