ممبئی:
مہاراشٹر میں پالگھر کے ویرار کے ایک اسپتال میں جمعہ کی صبح آگ لگ جانے سے 13 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ تقریباً تین بجکر 15 منٹ پر ویرار واقع وجے ولبھ اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں ایئر کنڈیشن میں دھماکہ ہوجانے سے آگ لگ گئی۔ آئی سی یو وارڈ میں 17 مریض داخل تھے۔ واقعہ میں 13 مریضوں کی موت ہوگئی جبکہ چار دیگر مریضوں کو دوسرے اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
ویرار سانحہ کے متاثرین کے لئے معاوضے کی رقم کااعلان
وزیراعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے ویرار میں ایک اسپتال میں آگ لگنے سے کورونا مریضوں کی موت پر رنج کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے کنبوں کے لئے دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے کے لئے 50 ہزار روپے کی معاوضے کی رقم کا اعلان کیاہے۔
مسٹر مودی نے حادثے میں مارے گئے لوگوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم قومی راحت فنڈ سے مرنے والوں کے کنبوں کے لئے دو دو لاکھ اور سنگین طور پر زخمیوں کے لئے 50، 50 ہزار روپے کی معاوضے کی رقم منظور کی ہے۔
ناسک، ویرار اسپتالوں جیسے واقعات افسوسناک: پوار
مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے جمعہ کو کہا کہ اسپتالوں کی حفاظت کے لئے رہنما ہدایات جاری کئےجانے کے باوجود ریاست کے ناسک اور ویرار جیسے واقعات کافی افسوسناک ہیں۔
مسٹر پوار نے ریاست کے پالگھر میں ویرار واقع وجے ولبھ اسپتال میں آج صبح آتشزدگی کے واقعہ میں مرنے والے مریضوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور غمزدہ کنبوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پالگھر ضلع کلیکٹر سے واقعہ کی تفصیلی جانکاری لی گئی ہے اور حادثے میں بچے دیگر مریضوں کی حفاطت اور ان کے بہتر علاج کے لئے ہدایت دی گئی ہیں۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور اعلیٰ سطحی کمیٹی واقعہ کے اسباب کی جانچ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی جانچ کے احکامات دیئے ہیں اور جانچ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔