لکھنؤ :(ایجنسی)
یوپی کے میرٹھ سے واپس آتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور حیدرآباد سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی پر حملے کے بعد اتر پردیش انتخابات میں ان کی بحث بڑھ گئی ہے۔
ویسے توپارٹی کی بنیاد بنیادی طور پر حیدرآباد میں ہے اور اویسی بھی یہاں سے ایم پی ہیں۔ لیکن، 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات کے بعد پارٹی بہار اور یوپی میں کافی سرگرم ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم نے بہار اسمبلی انتخابات میں پانچ سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔
انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس نے آج یوپی انتخابات میں اے آئی ایم آئی ایم کے کردار پر نمایاں طور پر ایک رپورٹ شائع کی۔ اخبار کے مطابق یوپی انتخابات کے لیے پارٹی نے’ جن ادھیکار پارٹی‘ اور ’بھارتیہ مکتی مورچہ‘ کے ساتھ مل کر تیسرا محاذ بنایا ہے جسے ’بھاگیداری پریورتن مورچہ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ جن ادھیکار پارٹی یوپی کے سابق وزیر بابو سنگھ کشواہا اور بھارتیہ مکتی مورچہ وامن میشرم کی قیادت میں الیکشن لڑ رہی ہے۔
اخبار نے لکھا ہے کہ اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم یوپی میں 100 سیٹوں پر الیکشن لڑنے جا رہی ہے۔ لیکن، پارٹی نے اب تک صرف 66 نشستوں کے لیے امیدوار کھڑے کیے ہیں، جو زیادہ تر مسلم آبادی والے علاقوں میں ہیں۔
اسد الدین اویسی اتر پردیش انتخابات کے پیش نظر ریاست کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے سکھ دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر، پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے سربراہ شیو پال یادو اور آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر سے ملاقات کی تھی۔
اپنی تقریباً تمام تقاریر میں اویسی نے حکمراں بی جے پی اور ریاست میں اہم اپوزیشن سماج وادی پارٹی کو نشانہ بنایا ہے۔
بی جے پی کی بی ٹیم ہونے کا الزام
تاہم، اپوزیشن کےمسلمان ووٹوں میں نقب لگانےکی وجہ سے اے آئی ایم آئی ایم پر ’بی جے پی کی بی ٹیم‘ ہونےکا الزام لگایاجاتاہے۔
ستمبر میں، اویسی نے ایس پی سربراہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر اکھلیش یادو نے مظفر نگر فسادات ہونے پر معاملے شروع کردیے ہوتے تو یوگی حکومت 77 معاملوں کو واپس نہ لیتی۔ وہ بارہا یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ایس پی ’یوپی میں مسلمانوں کی آزاد قیادت‘ نہیں چاہتی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اے آئی ایم آئی ایم کے ایک سینئر لیڈر کا کہنا ہے کہ انہیں کم از کم 10 سیٹوں پر سخت چیلنج دینے کی امید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سیٹیں پوری ریاست میں ہیں، جیسے بہرائچ میں نانپارہ، ایودھیا میں رادولی، سدھارتھ نگر ضلع میں ڈومریا گنج، سہارنپور دیہات، غازی آباد میں صاحب آباد، میرٹھ میں سیوال خاص۔
پارٹی یوپی میں اپنی بنیاد بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ دسمبر 2019 میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کے دوران اویسی نے یہاں مقبولیت حاصل کی۔ ان کی تقریریں یوپی میں لوگوں کو متحرک کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں، لیکن انہیں ووٹ ملتے ہیں یا نہیں، یہ دیکھنا ہوگا۔
ایس پی کو ووٹ کھونے کا خوف
اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا، ’اے آئی ایم آئی ایم نے2017 میں اتر پردیش انتخابات میںقدم رکھا تھا۔ تب پارٹی نے 38 سیٹوں پر الیکشن لڑا اور سبھی پر ہا ر گئی تھی۔ ان انتخابات میں پارٹی کو 0.24 فیصد ووٹ ملا تھا۔‘
پارٹی کی سب سے اچھی کارکردگی سنبھل میں رہی، جہاں ان کے امیدوار ضیاءالرحمان 59,336 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر تھے۔ دوسرے نمبر پر بی جے پی امیدوار 59,976 ووٹ لے کر اور پہلے نمبر پر ایس پی امیدوار 79,248 ووٹ لے کر تھے۔
اے آئی ایم آئی ایم نے پچھلے سال پنچایتی انتخابات میں بھی 23 ضلع پنچایت سیٹیں جیتی تھیں۔
یوپی انتخابات میں پارٹی کے لیے ہارنے کے لیے بہت کچھ نہیں ہے، لیکن اگر پارٹی جیت جاتی ہے تو مسلم یادو ووٹ بینک پر منحصر سماج وادی پارٹی کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
ایس پی کے ایک سینئر لیڈر نے اخبار سے کہا ہے کہ اگر اے آئی ایم آئی ایم کو ہر سیٹ پر 10,000 ووٹ بھی ملتے ہیں تو وہ مسلمانوں کے ہوں گے جو ہماری پارٹی کا ووٹ بینک ہیں۔ ’یہ فارمولیشن بہت سی سیٹیں بنا اور توڑ سکتا ہے اور بی جے پی کی مدد کر سکتا ہے۔‘
2011 کی مردم شماری کے مطابق یوپی میں 19 فیصد مسلم آبادی ہے جو تقریباً 60-70 سیٹوں پر فیصلہ کن فیصلہ کر سکتی ہے۔ ان علاقوں میں مسلمانوں کی آبادی 35 سے 50 فیصد ہے۔
حزب اختلاف کے ’بی جے پی کی بی ٹیم‘ ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے، پارٹی کی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن، محمد سلمان نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا، ’کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ ہم بی جے پی کی بی ٹیم ہیں؟ یہ بات ہماری اچھی کارکردگی کے بعد ختم ہو جائے گی۔ اب بہار میں کوئی ہمیں بی ٹیم نہیں کہتا۔ اس کے ساتھ ہی کرناٹک جیسی جگہوں پر جہاں کانگریس کی حکومت بی جے پی نے گرائی ہے۔ کیا کانگریس اس کے لیے ہمیں بھی مورد الزام ٹھہرائے گی؟