وارانسی:(ایجنسی)
اترپردیش کے وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد احاطے میں سخت سیکورٹی کے درمیان ہفتہ کے روز سروے-ویڈیو گرافی کا کام شروع کیا گیا۔ ہفتہ کے روز یہاں چار گھنٹے تک سروے کیا گیا، جو اب پورا ہوچکا ہے۔ افسران نے بتایا کہ ہفتہ کے روز مسجد احاطے میں واقع چار تہہ خانوں کا سروے کیا گیا۔ سروے کا یہ کام اتوار کو بھی جاری رہے گا۔
یہاں مسجد احاطے کے تہہ خانوں کی ویڈیو گرافی کے لئے خصوصی لائٹ اور کیمرے کا انتظام کیا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ سروے ٹیم میں مقدمے کے مدعی اور مدعا علیہ، اس سے جڑے وکلا، ایڈوکیٹس کمشنر اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹس کمشنر شامل ہیں۔
اس درمیان ذرائع نے بتایا کہ گیان واپی مسجد احاطے میں پہلے دو تہہ خانوں کی بات کہی جا رہی تھی۔ حالانکہ وہاں سروے ٹیم کو چار تہہ خانے ملے، جس کی ویڈیو گرافی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں سرنگ نما پانچواں تہہ خانہ بھی ملا، جس کا سروے کرنے کے لئے ٹیم کل (اتوار کو) اندر جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ یہاں مندر کے چوٹی کی جگہ مسجد کا گنبد رکھے جانے کے اشارے ملے ہیں۔ وہیں تہہ خانوں کے اندر ترشول، سواستیک، قدیم چٹانیں، بکھرے ہوئے مجسمے اور چراغ (دیئے) رکھنے کی جگہ ملی ہے۔ اس کے علاوہ دیواروں پر سانپ اور ہنس کے فن پارے بھی ملے ہیں۔