رائے بریلی:(ایجنسی)
یوپی کے رائے بریلی میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں چھ بدمعاشوں نے دسویں جماعت کے ایک دلت طالب علم کو بیلٹ اور بجلی کے تار سے مارا پیٹا۔ پھر اس سے اپنے پیر بھی چٹوائے ۔ یہ واقعہ 10 اپریل کا بتایا جار ہاہے ۔ دبنگوں نے نہ صرف لڑکے سے پیر چٹوائے بلکہ اسے گالی -گلوج کرتے ہوئے ذات پر مبنی توہین آمیز الفاظ بھی کہے۔ بتایا جا رہاہے کہ لڑکے کی ماں نے دبنگوں کے کھیتوں پر مزدوری کی تھی۔ لڑکا مزدوری کے پیسے مانگ رہا تھا ۔ لیکن دبنگ کو یہ بات ناگوار گزری ۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کےمطابق انہوں نے مل کر لڑکے کے ساتھ اس گھٹیا حرکت کوانجام دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی۔ مار پیٹ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے 6 نوجوانوں کے خلاف ایس سی؍ ایس ٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ اب اس معاملے میں پولیس کارروائی جاری ہے۔ جگت پور قصبے میں رہنے والی ایک خاتون محنت مزدوری کرتی ہے اور کسی نہ کسی طرح اپنے پریوار کی کفالت کرتی ہے۔ دلت خاتون کا بیٹا دسویں جماعت میں پڑھتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کی ماں کو دبنگوں کے کھیتوں پر مزدوری کرنے کے پیسے نہیں ملے تھے ۔
ماں کی مزدوری کے پیسے نہ ملنے پر لڑکا پیسے مانگ رہا تھا، لیکن دبنگوں نے پیسے مانگنے پر لڑکے کو خوب مارا اور اسےپاؤں چاٹنے پر مجبور کر دیا۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، جب کسی دلت پر ظالموں نے اس طرح کی شرمناک حرکت کی ہو۔ ماضی میں بھی ملک بھر میں ایسے ہی مظالم ہوتے رہے ہیں، جن میں کئی مواقع پر کارروائی بھی کی گئی۔ لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ دلتوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتے رہتے ہیں۔