نئی دہلی:(ایجنسی)
ہندوستان میں ہر سال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے۔ رواں برس ہندوستان میں 73 واں یوم جمہوریہ منایا جائے گا۔ یہ وہ دن ہے، جب ہندوستان میں برطانوی تسلط کے خاتمے کے بعد آئین ساز اسمبلی کے اراکین کے ذریعے تیار کردہ آئین ہند کو اپنایا گیا تھا۔ یوں 26 جنوری 1950 سے ہندوستان میں آئین پر عمل آواری جاری ہے۔ تاہم یہ 26 نومبر 1949 کا دن تھا جب ہندوستانی آئین کو پہلی بار اپنایا گیا تھا۔ اسی لیے ہر سال ہندوستان میں 26 نومبر کو یوم آئین کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یوم جمہوریہ کی تاریخ:
دستور ساز اسمبلی وہ ادارہ تھا جس کا مقصد ہندوستان کے آئین کا مسودہ تیار کرنا تھا۔ اس کا پہلا اجلاس 9 دسمبر 1946 کو ہوا جس میں 207 اراکین نے شرکت کی جن میں نو خواتین بھی شامل تھیں۔ ابتدائی طور پر اسمبلی کے ارکان کی تعداد 389 تھی تاہم آزادی اور تقسیم ہند کے بعد 15 اگست 1947 کو یہ تعداد گھٹ کر 299 رہ گئی۔
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی قیادت میں مسودہ سازی کمیٹی دستور ساز اسمبلی کی 17 سے زیادہ کمیٹیوں میں سے ایک تھی۔ ڈرافٹنگ کمیٹی کا کام ہندوستان کے لیے آئین کا مسودہ تیار کرنا تھا۔ کمیٹی نے تقریباً 7,600 ترامیم میں سے آئین پر بحث اور غور و خوض کرتے ہوئے تقریباً 2400 ترامیم سے جان چھڑائی۔
آئین ساز اسمبلی کا آخری اجلاس 26 نومبر 1949 کو ختم ہوا اور اسی وقت آئین کو اپنایا گیا۔ تاہم صرف دو ماہ بعد 26 جنوری 1950 کو اس پر دستخط کرنے والے 284 ارکان کے دستخطوں کے بعد اس کا نفاذ عمل میں آیا۔
یوم جمہوریہ کی اہمیت:
26 جنوری کو ہندوستان کا یوم جمہوریہ ہونے کا فیصلہ کیا گیا، کیونکہ یہ وہ دن تھا جب انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی)نے 1930 میں ہندوستان کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ اس دن کا انتخاب کانگریس کی پورنا سوراج کی قرارداد کے بعد سے کیا گیا تھا۔ اس قرارداد کے بعد نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف ملک گیر سیاسی تحریک کا آغاز بھی کیا۔
(بشکریہ: نیوز 18)