فلسطینی مزاحمتی تحریکِ حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار زندہ اور خیریت سے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کی سیاسی اور عسکری قیادت پوری طرح رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یحییٰ سنوار غزہ میں اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی قیادت کر رہے ہیں، ان سے رابطہ منقطع ہونے کا اسرائیلی پروپیگنڈا جھوٹا ہے۔ڈاکٹر قدومی نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلا کر فلسطینی عوام کے حوصلے توڑنا چاہتا ہے۔
حماس کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل ثابت قدم عظیم فلسطینی عوام کے حوصلوں کو کبھی شکست نہیں دے سکے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے غزہ میں فضائی حملے کے دوران یحییٰ سنوار کی شہادت کا دعویٰ کیا گیا تھا
ادھر جی سیون ممالک نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے نتائج ناقابل تصور ہوں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جی سیون ممالک نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی خطے کو ایک بڑے تنازع میں گھسیٹ سکتی ہے۔جی سیون ممالک کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملک مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے کہا ہے کہ پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا اضافی فوج بھیج رہا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حزب اللّٰہ میں بڑھتے تنازعے کے باعث امریکا نے یہ فیصلہ کیا ہے، مشرق وسطیٰ میں 40 ہزار سے زائد امریکی اہلکار پہلے ہی تعینات ہیں۔