نئی دہلی : معروف لیفٹ لیڈراور سی پی ایم کے سکریٹری جنرل سیتارام یچوری کا 72 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ طویل علالت کے بعد انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں جمعرات کی دوپہر انہوں نے آخری سانس لی۔ سانس لینے میں تکلیف کے بعد انہیں 19 اگست کو ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے دوپہر 1.03 بجے ایمس اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کا جسد خاکی فی الحال ایمس میں ہے۔ سیتارام یچوری کو بائیں بازو کی سیاست کا بڑا چہرہ سمجھا جاتا تھا۔ ان کی خواہش کے مطابق خاندان نے لاش ایمس کو عطیہ کر دی ہے۔
سی پی آئی (ایم) نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ 72 سالہ یچوری کا ایمس کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، وہ سانس کی نالی کے شدید انفیکشن میں مبتلا تھے۔
سیتارام یچوری 12 اگست 1952 کو مدراس (چنئی) میں تلگو بولنے والے برہمن گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد سرویشور سومیاجولا یچوری آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں انجینئر تھے۔ ان کی والدہ کلپکم یچوری ایک سرکاری افسر تھیں۔
یچوری اور ان کے ہم عصر پرکاش کرات کو عام طور پر بائیں بازو کی تحریک اور سی پی ایم کو مضبوط کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ ان دونوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طالب علم کے طور پر سی پی ایم کے سابق جنرل سکریٹری ہرکشن سنگھ سرجیت کے ساتھ مل کر کام کیایچوری کی قبولیت تھی کہ پہلی بار بائیں بازو کی جماعتوں نے کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی حمایت کی۔ پالیسیاں بنانے میں اکثر کانگریس کی قیادت والی حکومت پر دباؤ ڈالا۔