نئی دہلی:
مرکزی سرکار کے ذریعہ لائے گئے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسان گزشتہ سات مہینے سے دہلی بارڈر پر رہ کر احتجاج کررہے ہیں ۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکار کورونا کے دور میں زرعی قوانین لا سکتی ہے تو اسے واپس بھی لے سکتی ہے۔ دوسری جانب کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی اپنے مدعوں کو لے کر مرکزی سرکار پر جم کر حملہ کرتے نظر آرہے ہیں۔ حال ہی میں وہ آج تک کے ’دنگل‘ شو کا حصہ بنے۔ جہاں ان کے ساتھ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا بھی موجود تھے۔ شو کے درمیان ہی راکیش ٹکیت سمبت پاترا پر بھڑک اٹھے اور ان پر جم کر نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو ہم نے بھی ووٹ دیا ہے ۔انہیں آسامان میں ووٹ نہیں ملا ہے ۔
کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے آندولن کے بارے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’’ چھ سات مہینے سے کسان بیٹھا ہے۔ اگر ہم بات نہیں مان رہے ہیں تو ہماری بات ہی نہیں سنی جائے گی۔ سرکار جو پالیسی لے کر آئی ، وہ قانون ہمیں منظور نہیں ہے تو ہماری بات ہی نہیں سنی جائے گی، بلکہ ہمارے اوپر الزام لگائے جائیں گے۔
راکیش ٹکیت کی ان باتوں کو لے کر سمبت پاترا درمیان میں ہی ٹوک پڑے، ایسے میں ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہا ’’ بات تو سن لو، بہت پڑھے ، لکھے شخص ہو آپ۔ میں نے بھی بی جے پی کو ووٹ دیا تھا، تو میری بھی بات سن لو۔ گاؤں کے عوام نے ووٹ دیا ہے آپ کو۔ کسانوں نے بھی آپ کو ووٹ دیا ہے ، ایسے میں آپ کو ان کی بات سننی پڑے گی۔
کسان لیڈر راکیش ٹکیت یہیں نہیں روکے۔ انہوں نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’ کوئی ہوا میں ووٹ نہیں مل گیا ہے بی جے پی کو۔ آپ اپنے منشور کو ہی کم سے کم لاگو کردو۔ نریندر مودی جی جب 2011 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تب انہوں نے کہا تھا کہ ایم ایس پی کو قانونی گرانٹی بنایا جائے گا۔
راکیش ٹکیت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے آگے کہاکہ ’ آج وہ ملک کے پی ایم ہیں، توان چیز کو لاگو کردو‘کسان لیڈر نے بیان میں سمبت پاترا پر طنز کیا اور کہاکہ سمبت پاترا جی آپ کی بھی کچھ نہیں چلتی ، آپ بی جے پی میں جھولا ٹانگنے والے لوگ ہو ۔ آپ کو کچھ کاغذ دے رکھے ہیں کہ ٹی وی پر بیٹھو اور اپنی باتیں عوام کوبتاؤ۔ آپ کے بڑے لیڈروں میں بھی بولنے کی ہمت نہیں ہے ۔‘
راکیش ٹکیت کی ان باتوں کو لے کر سمبت پاترا بھی ناراض نظر آئے۔ انہوں نے پہلے تو کسان لیڈر کی باتوں کو ’ٹھیک ہے‘ کہہ کر ٹال دیا ، لیکن بعد میں انہوں نے نیوز اینکر سے شکایت کرتے ہوئے کہا ’’ آپ ڈبیٹ کو کنٹرول کررہی ہیں یا یہ اپنے آپ چل رہی ہے‘‘۔ بتادیں کہ گزشتہ دن کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے 26 جون کو گورنر ہاؤسز کا گھیرا ؤ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔