کانپور :(ایجنسی)
کانپور تشدد کے درمیان سوشل میڈیا پر ایک مسلم بزرگ سے بدسلوکی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے ۔ ویڈیو میں ایک نوجوان کپڑے بیچنے والے ایک بزرگ کے ساتھ بدتمیزی کرتا نظر آ رہا ہے۔ وہ بزرگ تاجر سے اپنی دکان ہٹانے کو کہتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور ملزم نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
معلومات کے مطابق معاملہ کانپور کے گووند نگر کا بتایا جا رہا ہے۔ ملزم نوجوان کا نام تشار شکلا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم ہندوسمنیے سمیتی کے یووا مورچہ کا صدر بتایا جاتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں ملزم نوجوان بزرگ دکاندار کے ساتھ بدتمیزی کرتا نظر آرہا ہے۔ ملزم انہیں دکان ہٹانے کے لئے کہتا ہے۔ اس دوران بزرگ اس کی منتیں بھی کرتے ہیں لیکن ملزم اس کی ایک نہیں سنتا۔
وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کانپور کی کمشنریٹ پولیس نے ایک کیس درج کیا اور ملزم نوجوان تشار شکلا کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوائنٹ پولیس کمشنر آنند پرکاش تیواری نے بتایا کہ ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ ایسی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملزم نے خود کو ایک ہندوتوا تنظیم کا لیڈر بتایا ہے۔