لکھنؤ : اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتوار (16 اکتوبر 2022) کو پسماندہ مسلمانوں کو یقین دلایا کہ وہ اور ان کا وشواس بی جے پی حکومت میں محفوظ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس پر بھی حملہ کیا اور کہا کہ ان دونوں پارٹیوں نے صرف ووٹ کے لیے مسلمانوں کو گمراہ کیا ہے۔ جن ستا آن لائن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اتوار کو، بی جے پی کے اقلیتی ونگ نے یوپی میں پسماندہ مسلمانوں کے لیے ایک کنونشن کا انعقاد کیا، جس میں پسماندہ مسلمانوں کو "بھارت ماتا کی جئے” اور "وندے ماترم” کے نعروں کے درمیان بھگوا اسکارف اور ٹوپیوں سے نوازا گیا۔ جن ستا کے مطابق ریاست کے ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک نے اس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد آپ کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا جیسے بریانی پکانے کے بعد پھینک دی جاتی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اور ایس پی نے ووٹ لینے کے بعد انہیں نظر انداز کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ایسا ہی کیا ہے۔پاٹھک نے پسماندہ مسلمانوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی خدمت کے لیے ہمیشہ موجود رہیں گےانہوں نے اپیل کی کہ آپ پی ایم کے ہاتھ مضبوط کریں 2024کے لوک سبھا چناؤ میں پی ایم مودی کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑے رہیں۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری صابر علی نے کہا کہ پی ایم مودی نے حال ہی میں حیدرآباد میں پارٹی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں اپنی تقریر میں کمیونٹی کے بارے میں بات کرنے کے لیے 12 منٹ کا وقت لیا جسے دوسری پارٹیوں نے نظر انداز کیا تھا۔