بلیا:
اذان کو لے کر اتر پردیش میں شروع ہوا تنازعہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اب ریاست کے پارلیمانی امور اور دیہی ترقی کے وزیر مملکت آنندروپ شکلا کو بھی اعتراض ہے۔ وزیر نے بلیا کے ضلعی مجسٹریٹ کو خط لکھ کر بڑی تعداد میں لگے لاؤڈ اسپیکرز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شکلا نے بلیا کے ضلع مجسٹریٹ کو ایک خط لکھا ، جس میں کہا گیا ہے کہ نماز کے دوران اذان کے لئے لاؤڈ اسپیکر کی آواز ضرورت سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بڑی تعداد میں لاؤڈاسپیکرز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آنند شکلا نے اپنے خط میں لکھا ، بلیا کی مساجد میں نماز کے دوران اذان ، دن بھر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ مذہبی تشہیر ، مسجد کی تعمیر کے لئے چندہ جمع کرنا اور مختلف اقسام کی معلومات کو ایک بہت ہی تیز آواز میں پھیلایا جاتا ہے ، طلباء کی پڑھائی اور بچوں کی صحت ، عمر رسیدہ اور بیمار افراد بری طرح متاثر ہوتے ہیں ، ساتھ ہی عام لوگوں کو بھی شدید آلودگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب اذان پر اعتراض کیاگیا ہے۔ اس سے قبل الہ آباد میں یونیورسٹی کی وائس چانسلراس معاملے میں سرخیاں بٹورچکی ہیں۔اترپردیش آنے والے دنوں میں اذان کو سیاسی ایشو بنالیاجائے تو کسی کو حیرت نہیں ہوگی۔