نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) میں واقع رہائشی کوچنگ اکادمی (آر سی اے) میں درس و تدریس حاصل کرنے والے 34 طلبا نے سول سروسز (مین) امتحان 2020 میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے منگل کے روز نتائج کا اعلان کیا۔ یہ امیدوار جلد ہی انٹریو میں حصہ لیں گے۔ آر سی اے اپنی گزشتہ پریکٹس کے مطابق سینئر سبکدوش افسرشاہوں اور ماہرین تعلیم کی مدد سے اہل طلبا کے لئے ماک انٹرویو اور انٹرایکٹیو اجلاس کی سیریز کا بھی انعقاد کرے گا۔
جامیہ ملیہ اسلامیہ، دہلی نے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی تعمیر کے لئے جے ایم آئی کے عزائم کے ایک حصہ کے طور پر طلبا کو مفت رہائش، لائبریری کی سہولت، فنون کی تدریس، پریکٹس سیٹ وغیرہ فراہم کیے جاتے ہیں۔ سیٹوں کی دستیابی کے تحت جے ایم آئی انٹرویو کے اہل امیدواروں کو کوچنگ فراہم کرتا ہے۔ ان طلبا کو یہاں یو پی ایس سی امتحان کی پوری کوچنگ بھی فراہم کی گئی ہے۔
گزشتہ سال سول سروسز میں آر سی اے، جے ایم آئی کے 30 طلباء کا انتخاب کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر، بہار، یوپی، مہاراشٹر، کرناٹک، آئی بی، آر بی آئی اور دیگر مرکزی خدمات سمیت 2020 سے 2021 کے درمیان 35 طلباء کو مختلف ریاستی سرکاری عوامی خدمات کے لئے منتخب کیا گیا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے)، سنٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ کے 101 طلباء نے سال 2020 میں یو پی ایس سی کا سول سروسز کا ابتدائی امتحان پاس کیا تھا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رابطہ عامہ کے افسر احمد عظیم نے کہا کہ "جامعہ سے منسلک ملک کی مختلف ریاستوں میں رہنے والی 16 لڑکیاں اور 85 لڑکے 2020 میں یو پی ایس سی سول سروسز ابتدائی امتحان پاس کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 283 امیدواروں نے جامعہ آر سی اے میں کوچنگ اور تربیت حاصل کی۔